کانگو میں پاکستانی امن دستے 20 سال بعد واپس جا رہے ہیں، اقوام متحدہ

پاکستانی امن اہلکاروں کی اہم شراکت کا اعتراف کرنے کے لیے تقریب منعقد کی،ترجمان اقوام متحدہ

جمعہ 26 اپریل 2024 15:33

کانگو میں پاکستانی امن دستے 20 سال بعد واپس جا رہے ہیں، اقوام متحدہ
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے کہا ہے کہ وسطی افریقی ملک جمہوریہ کانگو میں اقوام متحدہ کے امن مشن (بلیو ہیلمٹس)کے لیے خدمات انجام دینے والے پاکستانی امن دستے 20 سال خدمات انجام دینے کے بعد وہاں سے واپسی جا رہے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں معمول کی بریفنگ کے دوران بتایا کہ کہ صوبہ کیوو میں تعینات پاکستانی امن اہلکاروں کی سال کے آغاز میں انخلا وہاں اقوام متحدہ کے امن مشن(ایم او این یو ایس سی او)کے خدمات کے خاتمے کے منصوبے کا حصہ ہے۔

ترجمان اقوام متحدہ نے کہا کہ جمہوریہ کانگو میں پہلی بار پاکستانی امن اہلکاروں کو 2003 میں تعینات کیا گیا تھا،صوبہ سائوتھ کیوو میں ایک لاکھ سے زائد پاکستانی امن اہلکاروں نے خدمات انجام دیں جن میں سے 31 اہلکار دوران ڈیوٹی شہید ہوئے۔

(جاری ہے)

پاکستانی سکیورٹی اہلکاروں نے دنیا کے 29ممالک میں 46امن مشنز میں خدمات انجام دیں اور جانی قربانیاں دیں اور پاکستان کے لئے جمہویہ کانگو میں جانوں کی قربانی دینے والے پاکستانی اہلکاروں کی یہ تعداد سب سے زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈس انگیجمنٹ کے منصوبے کے مطابق اقوام متحدہ کیامن فوجیوں کے انخلاکے ساتھ ساتھ جمہوریہ کانگو کی حکومت ان علاقوں میں اپنی موجودگی میں اضافہ کرے گی جہاں مشن اس کی درخواست پر انخلا کر رہا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ ہمارے ساتھیوں نے امن کے استحکام اور سلامتی کے لیے پاکستانی امن اہلکاروں کی اہم شراکت کا اعتراف کرنے کے لیے تقریب منعقد کی۔

تقریب میں جمہوریہ کانگو میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی خصوصی نمائندہ اور ایم او این یو ایس سی او کی سربراہ بنتو کیتا،مشن کی فورس کمانڈر میجر جنرل کھر ڈیوف، سائوتھ کیوو کے صوبائی وزیر انفراسٹرکچر اور عبوری گورنر کی نمائندہ سیسا وا نمبربی اور دیگر نے شرکت کی۔ایم او این یو ایس سی او کی سربراہ نے جنوبی کیوو میں امن و سلامتی کو فروغ دینے کے لیے ہاکستانی امن اہلکاروں کی طرف کئے گئے وسیع تعاون پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔