زرعی خود کفالت کیلئے کسانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی جاری ہے ،احمد خاور شہزاد

پیر 9 اپریل 2018 20:01

ساہیوال۔9 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2018ء)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد خاور شہزاد نے کہا ہے کہ زرعی خود کفالت کیلئے کسانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے جس کیلئے ای کریڈٹ کی سہولت فراہم کی جار ہی ہے،زرعی خود کفالت اور کسانوں کی خوشحالی کے بغیر ملک کی اقتصادی خوشحالی ممکن نہیں جس کیلئے حکومت بیجوں اور کھادوں پر سبسڈی فراہم کر رہی ہے،انہوں نے یہ بات ڈی سی آفس میں زراعت بارے ڈسٹرکٹ ٹاسک فورس اور ایڈ وائزری کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو قدیر احمد باجوہ، ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع محمد فاروق جاوید،ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری امتیاز احمد،اسسٹنٹ ڈائریکٹر کلیم نثاراور کسان تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ،انہوں نے محکمہ زراعت پر زور دیا کہ وہ کسانوں کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کریں اور تمام سروسز ان کے گھروں تک پہنچائیں تا کہ زرعی پیداوار میں اضافہ ہو ،انہوں نے کاٹن ،مکئی اور چاول کے کاشتکاروں میں پیداوار کے مقابلے کرانے کے پنجاب حکومت کے فیصلے کو سراہا اور یقین ظاہر کیا کہ اس سے زمینداروں میں زیادہ پیداوار کے حصول میں بڑی ترغیب ملے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے محکمہ لائیوسٹاک کی کارکردگی اور بیوائوں کو بھینس اور گائے کے دینے کی سکیم کو سراہا اور یقین ظاہر کیا کہ اس سے کمزور طبقے میں خوشحالی کے ساتھ ساتھ ملک میں گوشت اور دودھ کی پیداوار میں بھی اضافہ ہو گا ۔اے ڈی سی احمد خاور شہزاد نے کسان نمائندوں کے مسائل تفصیل سے سنے اور موقع پر احکامات جاری کیے۔