پاکستان مستحکم و مضبوط اقتصادی قوت بن کر ابھر رہا ہے،گورنر سندھ

منگل 10 اپریل 2018 23:53

پاکستان مستحکم و مضبوط اقتصادی قوت بن کر ابھر رہا ہے،گورنر سندھ
کراچی ۔ 10 اپریل (اے پی پی( گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پر امن ماحول ، طلب سے زائد بجلی حاصل کرنے کے مواقع، 6 فیصد سالانہ شرح نمو ،مستحکم قومی معیشت ، غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ، صنعتی فعالیت ، نجی سیکٹر کے فعال کردار ، تجارتی ، کاروباری اور سماجی سرگرمیوں کے مسلسل بڑھنے سے پاکستانی تاریخ میں پہلی مرتبہ تیز رفتار ترقی کی جانب گامزن ہے ، سی پیک منصوبہ کی تکمیل کے بعد پاکستان آئندہ برسوںمیں عالمی سطح کی مضبوط اقتصادی و معاشی قوت بن کر ابھرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو گورنر ہائوس میں پاکستان فیڈرل کونسل آف کالمسٹس کے چیئر مین سید قیصر محمود کی قیادت میں آنے والے وفد کے ساتھ مشاورتی اجلاس کے دورا ن کیا ۔ وفد میں مزمل فیروزی ، شبیر سومرو ، محمد ابراہیم ، منصور احمد خان مانی ، انیس منصوری ،محمد عارف میمن ، اعظم عظیم اعظم ، عدیل طیب ، ذوالفقار قریشی ، عرشی عباس ، ثنا ء ہاشمی اور علوینہ مشتاق سمیت دیگر شامل تھے ۔

(جاری ہے)

مشاورتی اجلاس میں قومی معیشت ، حکومتی معاشی پالیسی ، جمہوری اداروں کے مزید استحکام کے لئے اٹھائے گئے اقدامات ، سی پیک منصوبہ اورموجودہ حکومت کی پانچ برس کی کارکردگی سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ 2013 ء تک پاکستان معاشی لحاظ سے بہت کمزور رہا ، امن و امان کی ابتر صورتحال نے قومی معیشت کے ساتھ ساتھ عام آدمی کو بھی شدید متاثر کیا ،بجلی کے شدید بحران سے صنعتی ، تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں میں جمود تھا جس سے بے روزگاری اور غربت میں اضافہ ہوا ، موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی سب سے پہلے امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے بلا تفریق و دبائو آپریشن شروع کیا ، پاک فوج ، رینجرز ،پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے پناہ قربانیوں کے بعد ملک بھر سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جسے پوری قوم قدرا ور تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے ،بجلی بحران کے خاتمہ کے لئے فوری، وسط اور طویل مدتی منصوبے تشکیل دیئے ساتھ ساتھ توانائی کے میگا پروجیکٹس کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے موئثر اقدامات بھی اٹھائے ،منصوبوں کی تکمیل کے ساتھ بجلی کے بحران میں با الترتیب کمی واقع ہو رہی ہے بہت جلد طلب سے زائد بجلی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیںگے جبکہ سی پیک منصوبہ میں بھی توانائی کے منصوبوں کو فوقیت حاصل ہے ، ملک میں بجلی کی تسلسل سے فراہمی سے صنعتی ، تجارتی ، کاروباری اور سماجی سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، لوگوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہونے سے غربت میں نمایاں کمی دیکھی جار ہی ہے ، امن و امان کے قیام کے بعد بیرونی و اندرونی سرمایہ کاری بھی تسلسل سے بڑھتی جا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی امن و امان کے قیام کے بعد ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بن گیا ہے ، شہر میں معاشی ، اقتصادی ، تجارتی ، کاروباری ، صنعتی اور فلمی صنعت کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں میں عوام بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ،ہر طرف ادبی ، ثقافتی ، فلمی اور سماجی سرگرمیاں نظر آرہی ہیں ، خوف کی فضا کے خاتمہ کے بعد آج لوگ آزادانہ ماحول میں رات گئے تک اپنے معمولات زندگی ادا کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل فائنل کی کامیابی کے بعد9 برس بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے پاکستانی سرزمین پر3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلی ،پی ایس ایل اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ سیریز کے دوران شہر بھر میں عید کا سماں رہا لوگوں نے کرکٹ سے اپنی دلچسپی کا والہانہ اظہار کیا اور ہر میچ میں ٹکٹ نایاب ہوگئے جس سے لوگوں کے کرکٹ کے کھیل کے ساتھ بھرپور شغف کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، غیر ملکی کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ دنیا کے دیگر شہروں کی طرح کراچی بھی ایک پرا من شہر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد بیرون ممالک میں شہر کے اصل امیج کو اجاگر کرنے کے لئے بھرپور اقدامات یقینی بنا ئے جا رہے ہیں اس ضمن میں شہر میں عالمی سطح کی کانفرنسز ، نمائش اور فیسٹول سمیت دیگر پروگرامز منعقد کئے جارہے ہیں جن میں غیر ملکی افراد کی بڑی تعداد میں شرکت سے شہر کے بیرون ممالک میں اصل حقائق اجاگر کرنے میں مدد مل رہی ہے ، بیرون ممالک میں روڈ زشوز بھی منعقد کئے جا رہے ہیں جہاں پر سرمایہ کاروں ، صنعت کاروں ، تاجر وں اور دیگر معاشی سرگرمیوں سے وابستہ افراد کو شہر کے اصل حقائق سے آگاہ کیا جا رہا ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہو رہے ہیں ، امریکہ اور برطانیہ میں منعقدہ روڈ شوز میں غیرملکی سرمایہ کاروں کا کہنا تھا کہ کراچی بھرپور استعداد کا حامل شہر ہے جہاں پر اعلیٰ تعلیم یافتہ ، تجربہ کار ، محنتی اور نوجوان ہیومن ریسورس بڑی تعداد میں دستیاب ہے ،چونکہ اس سے قبل ہمارے پاس کراچی سے متعلق درست معلومات نہیں تھی اسی لئے اب تک انہوں نے کراچی میں سرمایہ کاری میں حصہ نہیں لیا ،درست حقائق سامنے آنے کے بعد سرمایہ کاروں نے شہر میں بھرپور سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔

ایک سوا ل کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ پر امن ماحول ، طلب سے زائد بجلی اور مستحکم معیشت آئندہ منتخب ہونے والی حکومت کے لئے تحفہ ہونگے مزید بہتر منصوبہ بندی اور معاشی پالیسی کے تسلسل سے قومی معیشت کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے لیکن اس کا انحصار آئندہ منتخب ہونے والی حکومت پر ہے ،بہتر کارکردگی سے ہی عوام کے دلوں کو جیتا جا سکتا ہے ، قوم ایک بار پھر امسال پانچ برس کے لئے اپنی حکومت کا انتخاب کرینگے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج آزادانہ ماحول میں معاشی ، اقتصادی ، سماجی اور سیاسی سرگرمیوں جاری اور جمہوری ادارے فعال کردار ادا کررہے ہیں ،عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے موجودہ حکومت نے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جس کے اثرات نچلی سطح پر بھی مرتب ہونا شروع ہو چکے ہیں جو کہ موجودہ حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں گورنر محمد زبیر نے کہا کہ پانچ برس کے دوران حکومت نے وفا ق ہی نہیں بلکہ پورے ملک کی یکساں ترقی کے لئے کام کیا صوبہ کے متعدد اضلاع کی ترقی کے لئے وفاقی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کئے ، کراچی میں وفاق کے تحت 75 ارب روپے کی خطیر رقم سے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں ، حال ہی میں طویل عرصہ سے التوا ء کے شکار لیاری ایکسپریس وے منصوبہ کو مکمل کرلیا گیا ہے شہر میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ سفری سہولیات کے گرین لائن منصوبہ تکمیل کے مراحل میں ہے جس سے شہریوں کو زربردست سہولیات حاصل ہونگی ، موجودہ حکومت کا وژن ہے کہ عالمی طرز کے حامل شہر کو اس کے مطابق ترقی دینے سے ہی پاکستان کو معاشی و اقتصادی لحاظ سے مزید مستحکم و مضبوط بنایا جا سکتا ہے اسی وژن کے تحت وفاق کراچی شہر کی ترقی و خوشحالی کے بھرپور دلچسپی لے رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :