سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پر میزائلوں سے حملہ، پورا شہر لرز اٹھا

muhammad ali محمد علی بدھ 11 اپریل 2018 19:56

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پر میزائلوں سے حملہ، پورا شہر لرز اٹھا
ریاض (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 اپریل 2018ء) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پر میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے۔ عرب میڈیا سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پر ایک مرتبہ پھر میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق دارالحکومت ریاض پر 2 میزائلوں سے حملہ کیا گیا۔ حملے کے بعد پورا شہر لرز اٹھا جبکہ عوام شدید خوف و ہراس کا شکار ہوگئے۔

بتایا جا رہا ہے کہ سعودی عرب کے میزائل ڈیفنس سسٹم نے دونوں میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا۔

(جاری ہے)

تاہم میزائلوں کو تباہ کرنے کی گونج پورے شہر میں سنائی دی۔ عرب میڈیا کے مطابق شہر میں تین خوفناک دھماکے کونے کونے تک سنے گئے جس کے بعد افرا تفری کا عالم پیدا ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق میزائل حملے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے کیے گئے۔ واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جبکہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض یا کسی دوسرے شہر پر یمن سے حوثی باغیوں کی جانب سے میزائل حملہ کیا گیا ہو۔ اس سے قبل بھی کئی میزائل حملے کیے جا چکے ہیں جنہیں سعودی عرب کے میزائل ڈیفنس سسٹم نے ناکام بنا دیا تھا۔