شہزادہ ہیری ’کامن ویلتھ یوتھ ایمبیسیڈر‘ مقرر،دولت مشترکہ کے رکن ممالک کے نوجوانوں کے مسائل کو اجاگر کریں گے

پیر 16 اپریل 2018 16:03

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس کے چھوٹے بیٹے شہزادہ ہیری کو دولت مشترکہ ممالک کے نوجوانوں کا سفیر مقرر کر دیا گیا ہے۔33 سالہ شہزادہ ہیری کو کامن ویلتھ یوتھ ایمبیسیڈر کا اعلی ترین عہدہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم نے ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے عطاکیا ہے جو دولت مشترکہ کے رکن ممالک کے نوجوانوں سے رابطے رکھتے ہوئے ان کے مسائل کو اجاگر کریں گے۔

اپنے تقرری کے بعد لندن میں دولت مشترکہ کے افتتاحی فورم برائے امور نوجوانان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نوجوانوں کے سفیر کی حیثیت سے ہر وقت آپ کے ساتھ رہنے کی کوشش کروں گا ،میرا کام آپ کو سننا ہے اور میری ڈیوٹی اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ آپ کے خیالات،تشویش،امیدوں اور آئیڈیاز کو سنا جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شہزادہ ہیری نے اپنی منگیتر میگن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ میگن جن سے ان کی شادی ہونے والی ہے کے ممنون ہیں جو اس کام میں میری ہمراہی کریں گی اور وہ بھی میری طرح اس کے لئے بہت پرجوش ہیں۔

بکنگھم پیلس سے جاری ایک بیان کے مطابق دولت مشترکہ کے ممالک کی کل آبادی کا ساٹھ فیصد تقریباً 2.4 بلین افراد کی عمر 30 سال سے کم ہے اور ان کی آوازیں سننے کے لئے شہزادہ ہیری کو مقرر کیا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ شہزادہ ہیری سیاہ زلفوں اور گندمی رنگت والی امریکی اداکارہ میگن مرکل سی19 مئی کو شادی کر رہے ہیں۔