زیرتکمیل منصوبہ جات کو بتدریج مکمل کیاجارہا ہے،رانا سکندرحیات خاں

منگل 17 اپریل 2018 12:27

قصور۔17 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء)چیئرمین ضلع کونسل قصور رانا سکندرحیات خاں اور سنیئروائس چیئرمین ضلع کونسل قصور ملک اعجازاحمدخاں نے کہا ہے کہ ضلع کی تمام یونین کونسلزمیں زیرتکمیل منصوبہ جات کو بتدریج مکمل کیاجارہاہے اور خاص کر صفائی ستھرائی پرخصوصی توجہ دیکر دیہات کومثالی بنانے کے عملی اقدامات کیساتھ ساتھ ضلع کونسل قصور میں ایڈہاک بیس پر کام کرنیوالے 17مالیوں کو ان کی نوکری پر مستقل کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے آفس میں مستقل ہونیوالے ملازمین کو تحریری آرڈدینے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر یونین کونسلزکے چیئرمینز‘وائس چیئرمینزاورکونسلرزودیگرلوگوںکی کثیرتعدادنے شرکت کی۔مستقل ہونیوالے مالیوں کو جب ملازمت کے آرڈر ملے تو ان کی آنکھوں میں خوشیوں کے آنسو آگئے اور اس موقع پر انہوں نے موجودہ حکومت اوربالخصوص چیئرمین‘وائس چیئرمین ضلع کونسل قصور کوڈھیروں دعائیں دیں۔