سرکاری ملازمتوں پر پابندی کے حوالے سے پنجاب حکومت کی اپیل پر الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری

منگل 17 اپریل 2018 16:50

لاہور۔17 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری ملازمتوں پر پابندی کے حوالے سے پنجاب حکومت کی اپیل پر الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے منگل کوکیس کی سماعت کی، دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شکیل الرحمن خان نے موقف اختیار کیا کہ آئین کے تحت عوامی خدمت اور انتظامی امور کی انجام دہی سے حکومت کو نہیں روکا جاسکتا،انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل سرکاری ملازمتوں پر پابندی سے حکومتی اداروں میں انتظامی امور متاثر ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بہتر انتظامی امور کی انجام دہی کے لئے عملے کا ہونا لازم ہے، عملے کی کمی کے باعث مختلف اداروں میں حکومتی اور سرکاری امور بروقت سرانجام نہیں دئیے جا رہے جس سے سائلین کو مشکلات کا سامنا ہے،انہوں نے استدعا کی کہ ملازمتوں پر پابندی کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے، جس پر عدالت نے الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کو آج اٹھارہ اپریل کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔