تحصیل ہسپتال کو پنجاب کا ماڈل ہسپتال بنانے کیلئے کام جاری ہے،چوہدری احسان الحق باجوہ

بدھ 18 اپریل 2018 11:02

چشتیاں۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق تحصیل ہسپتال چشتیاں کو 36 کروڑ روپے کی لاگت سے پنجاب کا ماڈل ہسپتال بنانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ان خیالات کا اظہارمسلم لیگ ن کے راہنما و ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری احسان الحق باجوہ نے کیا۔انہوںنے کہا کہ ہسپتا ل میں 22 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید سہولتوں کی فراہمی و تزئین و آرائش کے کام کے علاوہ 8 کروڑ روپے کی لاگت سے آرتھو پیڈک ہسپتال کی تعمیر کے بعد عالمی معیار کی جدید مشینری کی فٹنگ کی جارہی ہے جبکہ ایک کروڑ روپے کی لاگت سے 132 KV- گرڈ سٹیشن چک 4 فورڈ سے سپیشل لائن تحصیل ہسپتال کو دیدی گئی ہے جس سے تحصیل ہسپتال چشتیاں کو لوڈ شیڈنگ فری ہسپتال کا درجہ حاصل ہوگیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ آئندہ مرحلہ میں وزیر اعلیٰ کی جانب سے منظور کردہ خصوصی نگہداشت (ICU) وارڈ کے 22 کروڑ روپے کے فنڈز کے اجرا پر تعمیر کا کام شروع ہوجائے گا، اس طرح علاج معالجہ کی جدید سہولتوں کے اعتبار سے تحصیل ہسپتال چشتیاں کو پنجاب کا پہلا ماڈل ہسپتال ہونے کا اعزاز حاصل ہو جائے گا۔ اس موقع پر ایم ایس تحصیل ہسپتال چشتیاں ڈاکٹر محمد انور کھرل ،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر حافظ محمد طارق، ایڈمن آفیسر سہیل احمد ، ممبر ہیلتھ کونسل تحصیل ہسپتال چشتیاں ملک محمد ارشداور دیگر لوگ بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :