ٓامریکہ میں مسافر طیارے کا دوران پرواز انجن پھٹ گیا، ایک مسافر ہلاک

پروں اور ایک کھڑکی کوبھی نقصان پہنچا،سات مسافر زخمی،ایوی ایشن انتظامیہ نے تحقیقات کا آغاز کر دیا

بدھ 18 اپریل 2018 12:48

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) امریکہ میں ایک مسافر طیارے کا دوران پرواز انجن پھٹ جانے کے نتیجے میں ایک مسافر ہلاک اور سات زخمی ہو گئے ۔امریکی میڈیا کے مطابق مقامی حکام نے بتایاکہ ساؤتھ ویسٹ ایئر لائن کی فلائٹ 1380 نے فلاڈیلفیا میں اس وقت ہنگامی لینڈنگ کی جب دوران پرواز انجن پھٹ جانے کے بعد اس کے ایک پروں اور ایک کھڑکی کو نقصان پہنچا۔

یہ پرواز نیویارک سے ڈلاس جا رہی تھی اور اس پر 143 مسافروں کے علاوہ عملے کے پانچ ارکان سوار تھے۔امریکی فیڈرل ایوی ایشن انتظامیہ نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔نیشنل ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ این ٹی ایس بی کا کہنا تھا کہ وہ انجن کے خراب ہونے کے نتیجے میں ایک ہلاکت کے بارے میں آگاہ ہیں جبکہ این ٹی ایس بی کے چیئرمین رابرٹ سموالٹ کا کہنا تھا کہ طیارے میں نصب سی ایف ایم 56 انجن بڑے پیمانے پر کمرشل جہازوں میں استعمال ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

فلاڈیلفیا کے فائر کمشنر ایڈم تھیل نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ معمول زخمی ہونے والے سات مسافروں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دی گئی لیکن انھیں ہسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔انھوں نے کہا کہ مسافروں اور عملے نے مشکل ترین حالات میں بہت اعلیٰ کام کیا جبکہ لینڈ کرنے پر آگ بجھانے والے عملے نے جہاز کے انجن سے رسنے والے تیل اور آگ پر قابو پایا۔

متعلقہ عنوان :