صوبائی وزیرسعید غنی کا ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی سے رابطہ ،20اپریل کو دھر نا نہ دینے کی اپیل

عوام کے لیے سڑکوں پر نکلے ہیں ،کے الیکٹرک کے حوالے سے یقین دہانی کرائی گئی تھی مگر مسئلہ حل نہیں ہوا ،حافظ نعیم الرحمن

بدھ 18 اپریل 2018 14:18

صوبائی وزیرسعید غنی کا ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی سے رابطہ ،20اپریل ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) پیپلز پارٹی کے رہنماء اور صوبائی وزیر سعید غنی نے جماعت اسلامی کراچی کے دفتر ادارہ نور حق میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور دیگر رہنمائوں سے ملاقات کی اور جماعت اسلامی کی جانب سے 20اپریل کو کے الیکٹرک کے خلاف وزیر اعلیٰ ہائوس پر دھر نا نہ دینے کی اپیل کی ۔حافظ نعیم الرحمن نے صوبائی وزیر کی آمد کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لیے پر امن آئینی ،قانونی اور جمہوری جدو جہد کر رہی ہے اگر مسائل حل ہو جائیں تو ہمیں سڑکوں پر نکلنے کی ضرورت نہیں ہوتی ۔

پر امن جمہوری جدو جہد ہمارا حق ہے جس کے لیے ہم وزیر اعلیٰ ہائوس جائیں گے اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے انہیں ذمہ داریاں پوری کر نے پر متوجہ کریں گے ۔

(جاری ہے)

لوڈشیڈنگ ،اووربلنگ اور اربوں روپے کی لوٹ مار سے کراچی کے شہری اور تاجر طبقہ بہت پریشان ہے ۔ہم کئی سالوں سے کے الیکٹرک کے خلاف تحریک چلا رہے ہیں اور گزشتہ سال بھی بڑے پیمانے پر احتجاجی دھر نے اور مظاہرے کیے تھے اور اربابِ اختیار کے سامنے یہ مسئلہ رکھا تھا ۔

ہمیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ کے الیکٹرک کے حوالے سے مسائل حل کرائے جائیں گے مگر افسوس کہ کچھ نہیں ہوا اس لیے ہم عوام کے حق اور ریلیف کے لیے پر امن احتجاج کر رہے ہیں ۔ملاقات میں جماعت اسلامی کراچی کے نائب امراء ڈاکٹر اسامہ رضی ،اسحاق خان ،مسلم پرویز ،سیکریٹری کراچی عبد الوہاب ،کے الیکٹرک کمپلنٹ سیل کے نگراں عمران شاہد اور دیگربھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :