سعودی عرب، بڑی مقدس زیارت کو عمرہ پیکج میں شامل کرنے پر پابندی عائد

Sadia Abbas سعدیہ عباس جمعرات 19 اپریل 2018 14:27

سعودی عرب، بڑی مقدس زیارت کو عمرہ پیکج میں شامل کرنے پر پابندی عائد
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اپریل2018ء)  سعودی وزارت حج و عمرہ نے تمام سعودی عمرہ اداروں و کمپنیوں کو خطوط جاری کیے ہیں کہ کوئی بھی کمپنی عمرہ پیکج میں جبل نور کی زیارت کوشامل نہ کرے اوراس پر عملدرآمد ضروری قرار دے دیا گیا ہے ۔ وزارت حج نے تمام عمرہ کمپنیوں و اداروں سے عمرہ پیکجز میں ان تبدیلیوں سے متعلق ہدایات وصول ہونے یا نہ ہونے پر وزارت کو آگاہ کرنے کا بھی کہا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق وزارت حج و عمرہ کو مکہ مکرمہ گورنریٹ کی جانب سے خط موصول ہوا ہے جس میں اُنکا کہنا تھا کہ وزارت اسلامی امور و دعوت ورہنمائی نے جبل نورپر ہونے والی سرگرمیوں کی تحقیق کے لیے ایک تحقیقات کمیٹی تشکیل دی تھی تاکہ دیکھا جا سکے کہ جبل نور پر ہونے والی سرگرمیوں میں کوئی غیر اسلامی یا بدعت پر مبنی تو نہیں ہیں ۔

(جاری ہے)

تحقیقات کے بعد کمیٹی نے مکہ مکرمہ گورنریٹ کو پیغام بھیجا تھا کہ تمام سعودی عمرہ اداروں و کمپنیوں کو عمرہ پیکج میں جبل نور کی زیارت کو شامل کرنے سے روک دیں کیونکہ آج کل جبل نور پر ایسی سرگرمیاں ہو رہی ہیں جو کہ اسلامی تعلیمات کے منافی ہیں ۔

کمیٹی نے مزید جواز پیش کرتے ہوئے کہا کہ جبل نُور پر زیارت کے لئے آنے والے لوگ اسلامی شریعت کے مقررہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیاں کررہے ہیں ۔ وزارت حج و عمرہ کی جانب سے عمرہ کمپنیوں و اداروں کو جاری کئے گئے احکامات میں کہا گیا کہ ہے پابندی کے باوجود بھی اگر کسی کمپنی نے حج وعمرہ پیکج میں جبل نُور کی زیارت کو شامل کیا تو اُنکے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ۔