ایران میں خلاف ضابطہ لباس زیب تن کرنے والی خاتون پر سرعام تشدد

ویڈیوسوشل میڈیاپرآنے کے بعد وزیر داخلہ نے پولیس کو تحقیقات کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی

جمعہ 20 اپریل 2018 12:22

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) ایران میں ایک عورت کو نافذالعمل ضابطہ لباس کی پاسداری نہ کرنے کی پاداش میں پولیس نے تشدد کا نشانہ بنا کر گرفتار کر لیا ۔ایرانی میڈیا کے مطابق یہ نوجوان عورت اپنی گرفتار ی کی مزاحمت کرتی رہی لیکن پولیس اہلکار اس کے باوجود اس کو پکڑ کر لے گئے ۔اس تمام واقعے کی موبائل فون سے بنائی گئی ایک ویڈیو سوشل میڈیا کے ذریعے منظر عام پر آئی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد ایرانی وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فاضلی نے پولیس کے خلاف ایک جامع تحقیقات کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ایرانی خواتین کے امور کی نائب صدر معصومہ عبتکار نے پولیس کے اس عورت کے ساتھ متشدد سلوک کی مذمت کی ہے۔واضح رہے کہ ایران میں ضابطہ لباس کے تحت تمام عورتوں کو لمبی آستینوں والی قمیصیں زیب تن کرنی چاہیںی اور سر کو ڈھانپ کر گھر سے باہر عوامی مقامات پر آنا چاہیے۔قانون کے تحت خواتین کا لباس شائستہ اور ستر ڈھانپنے والا ہونا چاہیے۔اس کی خلاف ورزی کی مرتکب عورتوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔