میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد دیہی علاقوں،ماڈل ٹائونز کو شہری علاقوں کے ہم پلہ بنانے کے لیے سرگرمِ عمل ہے تاکہ وہاں کے رہائشیوں کو جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں

ْ میئر شیخ انصر عزیز کا ماڈل ٹائون ہمک میں سستے ماڈل بازار کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب

ہفتہ 21 اپریل 2018 16:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) دیہی علاقوں اور ماڈل ٹائونز کو بھی شہری علاقوں کے ہم پلہ بنانے کے لیے سرگرمِ عمل ہے تاکہ وہاں کے رہائشیوں کو بھی جدید بنیادی سہولیات بہم پہنچائی جا سکیں۔ ان خیالات کا اظہار اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز نے ہفتے کے روز ماڈل ٹائون ہمک میں سستے ماڈل بازار کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر یونین کونسل ہمک کے چیئرمین قاضی فیصل نعیم کے علاوہ چیئرمین یونین کونسل آئی نائن سردار مہتاب احمد خان ایڈووکیٹ اور ہمک کے منتخب نمائندوں و عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ شیخ انصر عزیز نے کہا کہ ماڈل ٹائون ہمک میں سستے ماڈل بازار کی جگہ مختص تھی تاہم گذشتہ کئی دھائیوں سے اس پر توجہ نہیں دی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندوں کے باعث آج اس سستے ماڈل بازار کا افتتاح ممکن ہوا ہے کیونکہ ہمک کے منتخب نمائندوں نے اس منصوبے میں گہری دلچسپی لی اور آج ماڈل ٹائون ہمک کے مکینوں کو یہ سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔

میئر نے کہا کہ حکومت نے میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کو پی ایس ڈی پی کے تحت دس ارب روپے سے زیادہ فنڈز دینے کی منظوری دی ہے جنھیں عوامی نمائندوں کی طرف سے دی گئی تجاویز کی روشنی میں خرچ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایم سی آئی نے دارالحکومت کے شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں بھی صفائی کا جدید نظام لانے کے لیے کام شروع کر دیا ہے اور ٹینڈر کرنے کے بعد پورے اسلام آباد میں صفائی کا یکساں و جدید نظام متعارف اور ہر یونین کونسل کے ساتھ مل کر صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ ماڈل ٹائون ہمک میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ٹیوب ویلز کے علاوہ دیگر ذرائع سے بھی پانی کا حصول ممکن بنانے کے لیے متعلقہ شعبوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں،میٹرو پولیٹین کارپوریشن کے قیام کے بعد اس کے ثمرات شہریوں تک پہنچا شروع ہو گئے ہیں اور ان کی بھر پور کوشش ہے کہ ہر یونین کونسل اپنے وسائل کو اپنے منتخب نمائندوں کی مشاورت سے ایسے منصوبوں پر خرچ کرے جس سے شہریوں کو براہِ راست فائدہ مل سکے۔

قبل ازیں چیئرمین یونین کونسل ہمک قاضی فیصل نعیم نے میئر اسلام آباد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میئر کی ذاتی دلچسپی کے باعث سستے ماڈل بازار کا انعقاد ممکن ہوا ہے جس کے لیے اہلیان ہمک ان کے شکر گزار ہیں،علاقے کے دیگر مسائل بھی میئر کی سربراہی میں مرحلہ وار حل کیے جائیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے میئر شیخ انصر عزیز کو ماڈل ٹائون ہمک کی رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت ، واٹر سپلائی اور صفائی سے متعلق اپنے مسائل سے آگاہ کیا جس پر میئر نے ان تمام مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرا ئی۔

متعلقہ عنوان :