آئی جی پنجاب نے وی آئی پی شخصیات سے اضافی سکیورٹی واپس لینے سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروا دی

ہفتہ 21 اپریل 2018 18:25

آئی جی پنجاب نے وی آئی پی شخصیات سے اضافی سکیورٹی واپس لینے سے متعلق ..
لاہور۔21 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) آئی جی پنجاب نے وی آئی پی شخصیات سے اضافی سکیورٹی واپس لینے سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ہفتہ کو جمع کروا دی۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میںدو رکنی بنچ نے ہفتہ کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں وی آئی پیز کو دی جانے والی سیکورٹی واپس لینے کے لیے از خود نوٹس کی سماعت کی۔

دوران سماعت آئی جی پنجاب نے وی آئی پیز کی سیکیورٹی پر مامور اہلکار واپس لینے سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرواتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ مجموعی طور پر وی آئی پیز کی سیکورٹی پر مامور 4610 اہلکار واپس بلا لیے گئے ہیں جن میں سے 297 اہلکار سیاستدانوں، 527 اہلکار سول ایڈمنسٹریٹر آفیسرز،469 اہلکار ماتحت عدلیہ کے ججز ، 54 اہلکار میڈیا پرسن اور 23 اہلکار وکلاء سے واپس لئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے آئی جی پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپکی پالیسی کے مطابق جن کو سیکیورٹی کی ضرورت ہے اسے ضرور سیکیورٹی دیں. یہ نہ ہو کل کو کوئی سانحہ سیکیورٹی نہ ہونے کی وجہ سے ہو جائے۔ چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب کی جانب سے رپورٹ جمع کروانے پر انہیں شاباش دی اور کام کی تعریف کی ۔عدالت نے آئی جی پنجاب کو دو ہفتوں میں سیکیورٹی واپس لینے سے متعلق مکمل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔