ضلعی انتظامیہ اور مختلف تعلیمی اداروں کے اشتراک سے دو روزہ سائنس میلہ 3 تا 4 مئی کو ایکسپو سنٹر زرعی یونیورسٹی میں ہو گا

اتوار 22 اپریل 2018 20:20

فیصل آباد۔22 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) ضلعی انتظامیہ اور مختلف تعلیمی اداروں کے اشتراک سے دو روزہ سائنس میلہ 3 اور 4 مئی کو ایکسپو سنٹر زرعی یونیورسٹی میں منعقد ہو گا جس میں مختلف یونیورسٹیز ‘ کالجز ‘ سکولوں کے طالب علموں کے مختلف موضوعات پر تیار کردہ دو سو کے قریب سائنسی پراجیکٹس کی نمائش کی جائے گی ۔ سائنس میلے کے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق ایک اجلاس ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں مختلف یونیورسٹیز ‘ کالجز ‘ محکمہ تعلیم ‘ صدر چیمبر آف کامرس شبیر چاولہ ‘ نائب صدر عثمان رئوف ‘ایپٹما‘ انجمن تاجران کے نمائندوں رضوان اشرف ‘ احتشام جاوید ‘ شیخ امجد ‘ میاں آفتاب ‘ چوہدری حبیب گجر ‘ اسلم بھلی ‘ عباس حیدر شیخ ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز چوہدری امداد الله ‘ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سکولز سردار ساجد ‘ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر عثمان اکرم ‘ ایڈمن آفیسر ریاض انجم فوکل پرسن سائنس میلہ ڈاکٹر شوکت علی شاہد ‘پروگرام کوارڈینیٹر الف اعلان آصف مغل و دیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( جنرل ) خالد مسعود فروکہ نے سائنس میلہ کے مقاصد اور اہمیت کے بارے میں بریفنگ دی ۔ ڈپٹی کمشنر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قومی ترقی‘ صنعتوں کے فروغ اور معاشی سرگرمیوں میں جدت کے لئے سائنس و ٹیکنالوجی کے علوم کا فروغ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اس سلسلے میں سکول‘ کالج اور یونیورسٹیز کی سطح پر سائنسی پراجیکٹ کی تیاری کے بارے میں طلبا میں صحت مند مقابلوں کا اہتمام سائنسی علوم پر دسترس حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی و تحقیقی اداروں اور صنعتی و کمرشل تنظیموں کا آپس میں مضبوط رابطہ ہونا چاہئے تاکہ علم و تحقیق کو بروئے کار لا کر ترقی میں جدت پیدا کی جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سائنس میلہ طالب علموں اور تحقیق کاروں کو سائنسی پراجیکٹس کی نمائش کا بہترین موقع فراہم کرے گا جس سے نہ صرف طالب علموں کی حوصلہ افزائی ہو گی بلکہ سائنسی علوم کے فروغ کی نئی راہیں کھلیں گی ۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( جنرل ) نے بتایا کہ سائنس میلہ طالب علموں‘ ان کے والدین ‘ اساتذہ ‘ تحقیقی ‘ کاروباری و صنعتی شعبوں سے وابستہ افراد اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے لئے مخصوص ہو گا جسمیں شرکت کرنے والوں کی دلچسپی کے لئے شام کے اوقات میں میوزیکل پروگرام بھی ترتیب دیاجائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ سائنس میلہ کے اختتام پر سیمینارز منعقد ہو گا جس میں سائنسی پراجیکٹس کو زیر بحث لانے کے علاوہ پوزیشن ہولڈرز طالب علموں میں پر کشش انعامات بھی تقسیم کئے جائیں گے ۔

اجلاس کے دوران ممبر چیمبر آف کامرس اور اپٹپما کے نمائندوں نے سائنس میلہ میں بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے اسے مزید وسیع و مفید بنانے کے سلسلے میں اپنی تجاویز پیش کیں ۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ زرعی یونیورسٹی ‘ جی سی یونیورسٹی ‘ گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی ‘ نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی ‘ یونیورسٹی آف فیصل آباد فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی ‘ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بائیو ٹیکنالوجی فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچر اینڈ بیالوجی ‘ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف نیو کلیئر میڈیس ‘ ایوب ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ‘ پاکستان سائنس فائونڈیشن یو ای ٹی ‘ این ایف سی ’ رفاہ یونیورسٹی ‘ یونیورسٹی آف سرگودھا ‘ مختلف کالجز اور پرائیویٹ تعلیمی ادارے شرکت کریں گے ۔