سعودی اتحادیوں کی بمباری، دلہن سمیت20 افراد جاں بحق

زخمیوں میں30 یمنی بچے بھی شامل ہیں ،ْ کئی کی حالت تشویش ناک

پیر اپریل 22:54

سعودی اتحادیوں کی بمباری، دلہن سمیت20 افراد جاں بحق
صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل2018ء) یمن کے شمالی علاقے میں سعودی اتحادیوں کی فضائی کارروائی میں دلہن سمیت 20 افراد جاں بحق ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن کے شمالی صوبے حجہ کی وزارت صحت کے اعلیٰ عہدیدار خالد النادہری نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے جو ایک شادی کی تقریب کے لیے لگائے گئے ٹینٹ میں جمع تھے۔

انہوںنے کہاکہ حجہ کے ضلع بنی کیس میں ہونے والے اس شادی کی تقریب میں فضائی کارروائی کے نتیجے میں دلہن بھی جاں بحق ہوگئیں۔

(جاری ہے)

مقامی ہسپتال الجمہوری کے سربراہ محمد الصومالی نے بتایا کہ دولھا سمیت 45 زخمیوں کو لایا گیا تھا جہاں محکمہ صحت کی جانب سے خون کے عطیات دینے کی درخواست کی گئی۔ہسپتال کے ڈپٹی ہیڈ علی نصیر الزب کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں30 بچے بھی شامل ہیں جن میں سے کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔

واقعہ کے بعد جاری ہونے والی ویڈیو میں بکھرے ہوئے انسانی اعضا اور جاں بحق فرد سے لپٹا ایک بچہ، لوگوں کو چیختے اور چلاتے ہوئے دیکھا گیا۔وزارت صحت کے ترجمان عبدالحکیم الکہلان کا کہنا تھا کہ واقعہ کے بعد مزید بمباری کے خوف سے ایمبولینس بھی امدادی کام کے لیے نہیں پہنچ سکی تھیں۔

متعلقہ عنوان :