مریدکے میں معمولی جھگڑے پر3بھائیوں سمیت 5 افراد قتل

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل اپریل 14:24

مریدکے میں معمولی جھگڑے پر3بھائیوں سمیت 5 افراد قتل
شیخوپورہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24 اپریل۔2018ء) شیخوپورہ کے علاقے مریدکے میں معمولی جھگڑے پر5 افراد قتل ہو گئے ،مقتولین میں 3 سگے بھائیوں سمیت ایک ہی خاندان کے 4افراد شامل ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقتولین کے گھروں میں صف ماتم بچھ گئی، آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او شیخوپورہ سے طلب کرلی ہے،ملزمان گھروں کو تالے لگا کر فرار ہو گئے۔

فائرنگ کا واقعہ مریدکے کے علاقے ہدوکی تار بازار میں پیش آیا ،جہاں بٹ گروپ اور شاہ گروپ میں چند دن پہلے مٹی اٹھانے پر جھگڑا ہوا تھالیکن معاملہ رفع دفع ہو گیا،محلے کے ایک شخص عرفان رحمانی نے صلح کرانے کا بیڑہ اٹھایا اور دونوں گروپوں کا اکٹھا کیا،جہاں تلخ کلامی ہوئی تو بٹ گروپ نے فائرنگ کر دی ،جس کے نتیجے میں شاہ گروپ کے 3 سگے بھائی ،قیصر شاہ،عامر شاہ اور ارشان شاہ موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ قیصر شاہ کا بیٹا عرفان شاہ اورصلح کرانے والا عرفان ہسپتال میں دم توڑ گئے۔

(جاری ہے)

واقعہ کی اطلاع ملی تو گھر میں کہرام مچ گیا،تین بیٹوں اور پوتے کی ہلاکت پر بوڑھی ماں کی دھائی،بلقیس بی بی کے چھوٹے بیٹے ارشان شاہ کی چار ماہ پہلے شادی ہوئی تھی،تینوں بیٹوں کی بیوگان چھوٹے چھوٹے بچوں کے ساتھ غم سے نڈھال ہیں۔وارادت کے بعد ملزمان گھروں کو تالے لگا کر فرار ، آئی جی پنجاب عارف نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔