ملک سے کرپشن، توڑ پھوڑ اور انتشار کی سیاست ختم کرنا چاہتے ہیں،مزمل اقبال ہاشمی

منگل 24 اپریل 2018 18:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) ملی مسلم لیگ پاکستان کے نائب صدر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ سیاست میں محمد رسول اللہؐ ہمارے لیے بہترین نمونہ ہیں۔ ہم ملک سے کرپشن، توڑ پھوڑ اور انتشار کی سیاست ختم کرنا چاہتے ہیں۔ ہمارا ماضی گواہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ اتحادو اتفاق کیلئے کردار ادا کیا۔ ہم ان شاء اللہ ہر کسی کے پاس جائیں گے اور تمام جماعتوں کو نظریہ پاکستان کی بنیاد پر متحد کریں گے۔

پاکستان میں بدامنی و دہشت گردی ختم اور اتحاد کی فضا قائم کریں گے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ جو جذبے پاکستان بنانے والوں کے تھے انہی جذبوں سے ملک کا دفاع کر یں گے۔ ہم نے خدمت کا کام بھی دین اورایمان کے جذبوں سے کیا ‘سیاست بھی اسی طرح کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ آپس کی لڑائیوں کو ختم کر کے دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہونا وقت کی ضرورت ہے۔

اندرونی و بیرونی دشمنوں کا ڈٹ کا مقابلہ کریں گے۔وہ ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتا جس ملک کا دفاع مضبوط نہ ہو ،جس ملک کی سرحدیں مضبوط نہ ہوں ،ہم پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنائیں گے۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ ہم کسی کا ووٹ خراب کرنے نہیں آئے۔ ملکی سیاست میں اہم کردار ادا کریں گے۔ دشمن ہمارے نظریہ پر حملہ آور ہے۔ ہم تہذیبی جنگ میں دشمن کا مقابلہ کریں گے۔ ہماری سیاست خدمت انسانیت ہے۔ ہم نظریہ پاکستان کا تحفظ کریں گے اور ملک میں لبرل ازم کو پروان چڑھانے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

متعلقہ عنوان :