سانحہ 9مئی ملک کی سلامتی اور ترقی کے خلاف سازش تھی،گزشتہ برس 9مئی کو جو ہوا نہیں ہونا چاہیے تھا‘ شافع حسین

بہادر افواج ہماری جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہیں،مسلح افواج کی قربانیوں کے باعث ہی ہم آج اس مقام پر کھڑے ہیں

جمعرات 9 مئی 2024 15:45

سانحہ 9مئی ملک کی سلامتی اور ترقی کے خلاف سازش تھی،گزشتہ برس 9مئی کو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2024ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہاہے کہ سانحہ 9مئی ملک کی سلامتی اور ترقی کے خلاف سازش تھی۔نام نہاد سیاسی گروہ نے آرمی تنصیبات اور شہداء کی یادگاروں پر حملوں کی پلاننگ کی۔قوم نے دیکھا کس طرح ورکروں کو حملوں کی ہدایات دی جا رہی تھیں۔بہادر افواج ہماری جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہیں،مسلح افواج کی قربانیوں کے باعث ہی ہم آج اس مقام پر کھڑے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے گورنمنٹ سویڈش پاکستانی کالج آف ٹیکنالوجی اور گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف سرامکس گجرات کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ برس 9مئی کو جو ہوا نہیں ہونا چاہیے تھا،ہمیں حقیقی آزادی 14اگست 1947کو مل چکی ہے۔

(جاری ہے)

نام نہاد سیاسی گروہ آج کس حقیقی آزادی کی بات کرتا ہے۔

چوہدری شافع حسین نے کہاکہ ہم آزاد ملک میں رہ رہے ہیں، آزادی کی نعمت کی قدر کرنی چاہیے۔ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری آرہی ہے، ملک کی ترقی کے لئے مل کر آگے بڑھنا ہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ 20سال سے سرامکس کالج بند ہے،اربوں کی لاگت سے بننے والا سرامکس کالج کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے۔ملک اس طرح بیدردی سے قومی وسائل کے ضیاع کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

کالج کو سرامکس کے ماہرین کی مشاورت سے بحال کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے کالج کی عمارت کاانجینئرنگ کونسل سے سروے کرانے کا حکم دیا اور کالج کی بحالی کے لئے جامع پلان طلب کیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے گورنمنٹ سویڈش پاکستانی کالج آف ٹیکنالوجی گجرات کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور کالج کے مختلف شعبوں کی لیبز کا معائنہ کیا۔کالج کے پرنسپل سرفراز احمدنے ادارے کے تدریسی عمل، کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کے معیار اور اداروں کی لیبز کی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے۔

کالجوں اور یونیورسٹیوں میں انرولمنٹ بڑھانے اور ایجوکیشن کے معیار کی بہتری کیلئے ایکٹ میں ترمیم کی جارہی ہے ۔صوبائی وزیر نے کالج کی لیبز کو پراپر طریقے سے مینٹین کرنے اور لیبز کو مزید اپ گریڈ کرنے کا پلان طلب کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ بعض کالجزمیں پیسے لے کر سرٹیفکیٹس کے اجراء کا جاری کاروبار بند کرائیں گے ۔اس موقع پر سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن،کالجز کی انتظامیہ، اساتذہ اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :