وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے یو اے ای کے سفیر عبید ابراہیم سالم الزابی کی ملاقات

بدھ 25 اپریل 2018 17:00

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے یو اے ای کے سفیر عبید ابراہیم سالم الزابی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارت کے بڑھتے ہوئے حجم پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ وہ یو اے ای کے سفیر حمد عبید ابراہیم سالم الزابی سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے بدھ کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے یو اے ای کے ساتھ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن کی بڑی تعداد یو اے ای کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور برادرانہ تعلقات میں پل کے طور پر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے یو اے ای کی ترقی اور پاکستان کو بالخصوص دور افتادہ علاقوں میں فراہم کی جانے والی انسانی ہمدردی معاونت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعاون ہمارے مضبوط رشتوں کا غماز ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے یو اے ای کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان اور عوام کیلئے نیک خواہشات پہنچائیں۔ یو اے ای کے سفیر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے تیل و گیس کے شعبہ میں سرمایہ کاری کیلئے یو اے ای کی دلچسپی ظاہر کی۔