چیئرمین سینٹ کی کیوبا کے سفیر سے ملاقات

باہمی روابط کو مزیدبڑھایا جائے،محمد صادق سنجرانی

بدھ 25 اپریل 2018 20:43

چیئرمین سینٹ کی کیوبا کے سفیر سے ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) ء چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کیوبا کے سفیر گیبریل ٹیل کیپوٹے کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ پاکستان اور کیوبا کے مابین دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے ضروری ہے کہ باہمی روابط کو مزیدبڑھایا جائے اور بشمول پارلیمانی تعلقات ، باہمی دلچسپی کے دیگر دوسرے شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دیا جائے ۔

ملاقات جو کہ پارلیمنٹ ہائوس میں بدھ کے روز چیئرمین سینیٹ کے چیمبر میں ہوئی کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کیوبا کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ ان دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دی جائے ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور کیوبا نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور بین الاقوامی سطح پر مختلف فورمز پر ایک دوسرے کی حمائت کی ہے جو کہ اس بات کی عکاس ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں ۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے تعلیم ، تجارت اور دیگر دوسرے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر زور دیا ۔ انہوں نے کیوبا کی حکومت ، عوام اور پارلیمان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ۔ کیوبا کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا اور تجارتی و اقتصادی سطح پر روابط کو فروغ دینے پر زور دیا ۔