ورلڈ ٹیبل ٹینس چیمپئین شپ میں شرکت کے لئے قومی ٹیم کوسوئیڈن جانے سے روک دیا گیا

جمعرات اپریل 12:53

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اپریل2018ء) سوئیڈن میں منعقد ہونے والی ورلڈ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں شرکت کا قومی ٹیبل ٹینس ٹیم کا سپنا لاہور ایئرپورٹ پر ٹوٹ گیا،کھلاڑیوں کو لاہور ایرپورٹ پر چھوڑنے کے لئے آنے والے رشتہ داروں کے سامنے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ۔ امیگریشن حکام نے وزارت داخلہ کا لیٹر نہ ہونے پر ورلڈ ٹیبل ٹینس چیمپئین شپ میں شرکت کے لئے قومی ٹیم کوسوئیڈن جانے سے روک دیا۔

(جاری ہے)

قومی ٹیبل ٹینس ٹیم کے 5 کھلاڑیوں اور ایک آفیشل نے سوئیڈن میں 29 اپریل سے 6 مئی تک کھیلی جانے والی ورلڈ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے لاہور سے غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے روانہ ہونا تھا۔قومی ٹیبل ٹینس ٹیم عاصم قریشی، رمیز حسین، عائشہ اقبال، فاطمہ خان اور محمودہ پر مشتمل ہے۔ٹیم آفیشل عرفان اللہ خان کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے وزارت داخلہ کا لیٹر نہ ہونے کے باعث ٹیم کو سوئیڈن جانے سے روک دیا۔عرفان اللہ خان کے مطابق بیرون ملک جاتے ہوئے اس سے قبل کبھی کھلاڑیوں سے وزارت داخلہ کا لیٹر نہیں مانگا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیبل ٹینس فیڈریشن کی گروپ بندی کھلاڑیوں کے جانے کی راہ میں رکاوٹ بنی ۔