افغان صوبے بلخ میں سکیورٹی فورسز کے زمینی اور فضائی حملوں میں 24 طالبان ہلاک، 36 زخمی

جمعرات 26 اپریل 2018 16:27

مزار شریف۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) افغانستان کے شمالی صوبے بلخ کے ضلع چاربولاک میں افغان سکیورٹی فورسز کے زمینی اور فضائی حملوں میں درجنوں طالبان ہلاک و زخمی ہوگئے۔چینی خبر رساں ادارے نے صوبہ بلخ میںافغانستان کے فوجی ترجمان محمد حنیف رضاعی کے حوالے سے بتایا کہ فوجی کارروائی میں 24 طالبان ہلاک اور مزید 36 زخمی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق چاربولاک کے علاقے کوشکا میں طالبان کے ٹھکانوں پر زمینی اور فضائی حملہ بدھ اور جمعرات کی درمیان رات ڈیڑھ بجے شروع ہوا۔ترجمان نے کہا کہ صوبہ بلخ کے دیگر حصوں میں طالبان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔واضح رہے کہ طالبان نے بدھ کو ہی سپرنگ افینسو کے نام سے سرکاری سکیورٹی فورسز کے خلاف اپنی کارروائیوں کا آغاز کیا ہے۔