بدنام زمانہ منشیات فروش اور سینکڑوں مقدمات میں مطلوب خطرناک ملزم ملک غلام مصطفی گرفتار

جمعرات 26 اپریل 2018 22:49

لاہور۔26 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) گلبرگ پولیس نے نوجوان نسل کی رگوں میں منشیات کا زہر گھولنے والے بدنامِ زمانہ منشیات فروش اور سینکڑوں مقدمات میں مطلوب خطرناک ملزم ملک غلام مصطفی کو گرفتار کر لیا۔ملزم لاہور کے مختلف کالجز میں نوجوان کو منشیات سپلائی کرتا تھا۔ ملزم کے قبضہ سے 12 لاکھ مالیت کی منشیات، 16 ہزار روپے نقدی،کرولا کار ، بارہ بور02 رائفلیں، 25 کارتوس، 01 پسٹل،250 گلاس ٹیوب، 03 عددویٹ مشین ، سکیل و دیگر سامان برآمد کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے بچانے کیلئے تمام ڈویژنل ایس پیز کومنشیات فروشی کے مکروہ دھندے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا تھا جس پر ایس پی ماڈل ٹائون فیصل شہزاد نے منشیات فروشوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کے لئے ایس ایچ او گلبرگ انسپکٹر بابر اشرف اور دیگر ملازمین پر مشتمل خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی اور اس مکروہ دھندے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دیا۔

(جاری ہے)

پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاع پراور انتھک محنت کے بعدبدنام زمانہ منشیات فروش غلام مصطفی کو گرفتار کر لیا ۔ملزم منشیات سمیت دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے منشیات فروشی اورسینکڑوں مقدمات میں مطلوب ملزم کوگرفتار اور بڑی مقدار میں منشیات و دیگر سامان برآمد کرنے پرایس ایچ او گلبرگ انسپکٹر بابر اشرف اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔