سعودی عرب میں بہت جلد خطے کا پہلا 4 ڈی ایکس مووی تھیٹر کھلے گا

جمعہ 27 اپریل 2018 09:50

ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) جنوبی کوریا کی کمپنی سی جے 4 ڈی پلیکس نے سینما سٹی کے ساتھ نئی شراکت داری سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کردیئے ۔العربیہ ٹی وی کے مطابق اس معاہدے کے تحت سعودی دارالحکومت ریا ض میں تین مقامات اور دوسرے بڑے شہروں میں 2018ء کے اختتام تک 4 ڈی ایکس مووی تھیٹر کھولے جائیں گے۔

(جاری ہے)

سینما سٹی کی مادر کمپنی ایکسکلوسیو سینما سال ہولڈنگ کے مطابق ریاض میں القصر مال سی جے 4 ڈی ایکس پہلا مووی تھیٹر ہوگا۔

اس کی 19 سکرینیں ہوں گی۔ یہ کمپنی 2018ء کے آخر تک پانچ ممالک سعودی عرب ،اردن ، لبنان ،شام اور متحدہ عرب امارات میں مزید 116 سکرینیں نصب کرے گی۔4 ڈی ایکس کے اثرات بھی 3 ڈی کی طرح ہی ہوتے ہیں۔یہ ایک باہمی تعامل پر مبنی تجربہ ہوتا ہے اور ناظرین کی نشتیں بھی سکرین پر ایکشن کے ساتھ ساتھ حرکت کرتی ہیں۔آڈیٹوریم میں مختلف باہم مربوط خصوصی اثرات ڈالے جاتے ہیں۔ان میں بارش ، ہوا ، دھند اور مختلف مناظر شامل ہیں۔