کتوں اور گدھوں کی کھالوں کی برآمدگی،

افغان باشندے سمیت 2ملزمان کی ضمانت منظور

ہفتہ 28 اپریل 2018 16:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2018ء) جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے کتوں اور گدھوں کی کھالوں کی برآمدگی کے الزام میں گرفتار افغانی باشندے سمیت دو ملزمان کی ضمانت فی کس 20 ہزار کے عوض منظور کر لی ۔ جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کے روبرو پولیس نے کورنگی انڈسٹریل ایریا سے کتوں اور گدھوں کی کھالوں کی برآمدگی کے الزام میں گرفتار افغان باشندے عبدالحمید اور رضوان کو پیش کیا ۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کو گذشتہ روز کورنگی ایریا سے گرفتار کیا ۔

(جاری ہے)

گرفتاری کے بعد ملزمان کے گودام سے پولیس نے 40 سے زائد بوریاں برآمد کیں ، جن میں گدھوں اور کتوں کی کھالیں موجود تھیں ۔ تفتیشی افسر کا مزید کہنا تھا کہ گودام کے مالک کی تلاش جاری ہے ۔ جس کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔ تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان نے کھالیں افغانستان اور اندرون ملک سے درآمد کی تھیں اور وہ ان کھالوں کو آگے برآمد کرنا چاہتے ہیں ۔

ملزمان کو علاقہ مکینوں کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا ۔ عدالت نے ملزمان کی جانب سے دائر درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں فی کس 20 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ۔ واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں مقدمہ درج ہے ۔

متعلقہ عنوان :