موٹر سائیکل کی92حادثات میں 63شہری ہیلمٹ استعمال نہ کرنے کی وجہ سے جاں بحق ہوئے،ڈی آئی جی

ہفتہ 28 اپریل 2018 20:02

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل(ڈی آئی جی) محبوب اسلم نے کہاہے کہ ہیلمٹ پہننا زندگی کی ضمانت ہے ۔سال2017میں موٹرسائیکل کے 92حادثات پیش آئے جن میں سی63شہری ہیلمٹ استعمال نہ کرنے کی وجہ سے جاں بحق ہوئے،ہیلمٹ کے استعمال کے لئے چلائی جانے والی مہم کے 20دنوں میں 60 فیصدموٹر سائیکل سواروں نے ہیلمٹ کا استعمال شروع کر دیا ہے۔

ہمارا مقصد موٹر سائیکل سواروں کو جرمانے یا چلان کرنا نہیں ہے بلکہ جان کی حفاظت کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن)کے راہنما چوہدری واجد ایوب کی جانب سے منعقد کئے جانے والے روڈ سیفٹی سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ(ن)کے راہنما و ممبر صوبائی اسمبلی ملک افتخار احمد،سٹار کرکٹر شعیب اختر ،ایس ایس پی شہریار سکندر اور موٹر وے پولیس کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سٹار کرکٹر شعیب اختر نے کہا ہے کہ جی ٹی روڈ پرسب سے زیادہ اموات ان موٹر سائیکل سواروں کی ہے جو دوران سفر ہیلمٹ کا استعمال نہیں کرتے جبکہ نیشنل ہائی وے ایند موٹر وے پولیس نے ہیلمٹ کے استعمال پر جو مہم شروع کر رکھی ہے خوش آئند اقدام ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے راہنما چوہدری واجد ایوب نے کہا ہے کہ نیشنل ہائی وے اینڈموٹر وے پولیس نے ہمیشہ عوام دوستی کا ثبوت دیا ہے اور اس مہم میں عوام کے ساتھ محبت ایک بہت بڑا پیغام دیا جا رہا ہے۔انہوں نے تقریب کے اختتام پر ڈی آئی جی کے ہمراہ شہریوں میں ہیلمٹ بھی تقسیم کئے اورموٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ کے فوائد بارے میں آگاہ کیا گیا۔