قانون کی حکمرانی اورعوام کی فلاح و بہبود اور سستے فوری انصاف کی فراہمی کیلئے ہم سب کو کام کرنا ہوگا،جسٹس وزیرشکیل احمد

ہفتہ 28 اپریل 2018 21:27

گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) چیف جسٹس چیف کورٹ جسٹس وزیر شکیل احمد نے کہاہے کہ قانون کی حکمرانی اور بالا دستی سمیت ملک اور علاقے کی عوام کی فلاح و بہبود اور سستے فوری انصاف کی فراہمی کیلئے ہم سب کو کام کرنا ہوگا ،عام شہری سے زیادہ ججز اور وکلاء پر ذمہ دا ری عائد ہوتی ہے کہ وہ قانون کی حکمرانی اور بالا دستی کو یقینی بنائے کیو نکہ ججز اور وکلاء عام شہری سے زیادہ قانون سے واقف ہوتے ہیں، معاشرے میں وکلاء اور ججز کو قانون کے ترجمان اور محافظ تصور کیا جاتا ہے ۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے گلگت بلتستان ہائی کورٹ بار کی نو منتخب کابینہ کی حلف بررادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہاکہ عوام کو سستے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بار اور بینچ کا یکسا ں کردار ہوتا ہے ، واحد عدالتیں کچھ نہیں کر سکتی جب تک وکلاء انصاف کے فراہمی کیلئے عدالتوں سے تعاون نہ کریں، چیف جسٹس نے سپریم اپیلٹ کورٹ اور ہائی کورٹ بار کے نو منتخب کابینہ کو مبارکباد د یتے ہوئے کہا کہ نو منتخب عہدیداران اور کابینہ اپنے صلاحیتوں کو برئوکار لاتے ہوئے بار کے مسائل کے حل سمیت عوام کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے سنجیدگی سے کام کرے گی تاکہ معاشرے نا انصاف کا خاتمہ ہو، بار اور بینچ کے درمیان معاملات میں بحران اور کمی بیشی ضرور ہوتی ہے لیکن اس کو جذبات کے بجائے سنجیدگی سے مل جل کر حل کیا جائے تو مزید بحران پیدا نہیں ہوگااور میری بار کے تمام جائز مطالبات کے حل کیلئے بھر پور کوشش ہوگی تاکہ عوام کو سستے اور فوری انصاف انکے گھر کے دہلیز میں میسر ہونے میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو، اس موقع پر نو منتخب صدر راجہ شکیل احمد نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے وکلاء با صلاحیت ہیں انہی وکلاء میں سے سپریم اپیلٹ کورٹ اور ہائی کورٹ میں ججز کے طور پر عوام کو سستے اور فوری انصاف فراہم کر نے میں اپنا کردار ادا کر چکے ہیں اورہمارے درمیان موجود جسٹس وزیر شکیل احمد اور جسٹس ملک حق نواز وہ ججز ہیں جو کل تک بارکے حصہ تھے اور آج جج کے طور پر گلگت بلتستان کے عوا م کو سستے اور فوری انصاف فراہم کررہے ہیں،حکومت ہنگامی بنیادو پر نوجوان وکلاء کو سرکاری محکموں میں لیگل ایڈوائز تعینات کریں ۔

(جاری ہے)

قبل ازی چیف جسٹس وزیر شکیل احمد نے نو منتخب صدر راجہ شکیل احمد ، جنرل سیکرٹری شبیر حیدر سمیت دیگر عہدیداران سے حلف لیا۔تقریب میں چیف جسٹس چیف کورٹ جسٹس وزیر شکیل احمد ، جسٹس ملک حق نواز ، جسٹس ملک عمر ، جسٹس علی بیگ ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملک عنایت الر حمن ، انسداد دہشتگری کے جج راجہ شہباز خان ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غذر خورشید احمد ، ایڈیشنل سیشن جج راجہ منہاج علی ، سینئر سول جج محمد شریف ، محمد زاکر ، سول جج رحمت شاہ ، فہد بن نقیب، بشرا رحمان ، محمود الحسن ، ایڈووکیٹ جنرل شیر مدد، صدر سپریم اپیلٹ کورٹ بار ملک شفقت ولی ، جنرل سیکر ٹری جوہر علی ، وائس چیئر مین بار کونسل جاوید احمد ،سیکرٹری قانون رحیم گل، سینئر وکلاء سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :