افغان صوبہ بلخ میں امریکہ کے فضائی حملے،35 طالبان ہلاک

فضائی حملوں کا ہدف ارزنکار نامی مقامی گائوں تھا، حملوں کے بعد طالبان سے آزاد کرالیا،افغان حکام

اتوار 29 اپریل 2018 11:10

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2018ء) افغانستان کے شمالی صوبے بلخ میں امریکی فوج کے فضائی حملوں میں 35 طالبان جنگجو ہلاک ہوگئے ۔ فضائی حملوں کا ہدف ارزنکار نامی ایک مقامی گاوں تھا جہاں حملوں کے فوری بعد افغان فوج کے زمینی دستوں نے کارروائی کی اور گاوں کو طالبان سے آزاد کرالیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان نیشنل آرمی کے ایک افسر نے مقامی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ حملے بلخ کے ضلع چاربولک میں کیے گئے۔

بلخ میں تعینات افغان فوج کے ترجمان محمد حنیف رضائی کے مطابق 40 منٹ تک جاری رہنے والے ان فضائی حملوں کا مقصد برسرِ زمین موجود افغان کمانڈوز کی معاونت کرنا تھا۔ترجمان نے بتایا کہ فضائی حملوں کا ہدف ارزنکار نامی ایک مقامی گائوں تھا جہاں حملوں کے فوری بعد افغان فوج کے زمینی دستوں نے کارروائی کی اور گاوں کو طالبان سے آزاد کرالیا۔

(جاری ہے)

افغان فوج نے دعویٰ کیا کہ فضائی کارروائی میں کم از کم 35 جنگجو ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوئے جب کہ ان کے درجنوں ہتھیاروں کو تباہ کردیا گیا۔

افغان فوج نے ایک ہفتہ قبل طالبان کے زیرِ قبضہ علاقوں کو آزاد کرانے کے لیے چاربولک میں آپریشن شروع کیا تھا جو تاحال جاری ہے۔حکام کا کہناتھاکہ صوبہ بلخ کے گورنر محمد اسحاق راہ گزر اور سابق گورنر عطا محمد نور خود اس کارروائی کی نگرانی کر رہے ہیں۔افغانستان میں تعینات امریکی فوج نے کیے جانے والے فضائی حملوں اور ان میں ہونے والے جانی نقصان سے متعلق تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا اور نہ ہی اس بارے میں طالبان کا موقف سامنے آیا ۔