ماضی میں شہر بھر میں کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تحت ترقیاتی منصوبوں کو قلیل مدت پر مکمل کیا گیا، ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیاتی کراچی

اتوار 29 اپریل 2018 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2018ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سمیع الدین صدیقی نے کہا ہے کہ ماضی میں شہر بھر میں کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تحت ترقیاتی منصوبوں کو قلیل مدت پر مکمل کیا گیا، قابل ذکر کامیابیوں کے باوجود مزید گنجائش میں بہتری لانے کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔ کے ڈی اے اراضی پر قائم پارکس کی تزئین و آرائش اور گرین بیلٹ کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ شہریوں کو ایک صحتمندانہ اور تفریحی ماحول فراہم کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کو روشنیوں کا شہر بنانے کا عزم رکھتے ہیں اور عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے جارہے ہیں، رواں مالی سال 2018-2019 بجٹ میں نئی میگا اسکیموں کے کثیر رقم مختص کی گئی ہے ، کوشش ہے کہ کے ڈی اے کو ایک مستحکم اور فعال ادارہ بنانے کے ساتھ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس سے پہلے دوسرے اداروں کے ساتھ کے ڈی اے کے منسلک ہونے سے بہت زیادہ مالی مسائل، ملازمین کی تنخواہوں سے محرومی، کے ڈی اے کے تمام مالی وسائل کی منتقلی اور اثاثوں کی فروخت، بینکوں میں جمع شدہ رقوم اور ملازمین کے پنشن و فنڈ کی امانتی رقوم کی منتقلی بھی شامل ہے جس کی وجہ سے ملازمین کی تنخواہیں، پنشنرز کی پنشن اور ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی بروقت ادائیگی میں کافی مشکلات کا سامنا رہا لیکن اب حکومت سندھ کی مالی معاونت کی وجہ سے تنخواہ اور پنشن کی ادائیگی بروقت ہورہی ہے۔

ماضی کی تلخ یادوں کو بھلا کر ہمیں مستقبل میں ایسے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جس سے آئندہ آنے والی نسلیں استفادہ حاصل کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :