مینار پاکستان جلسہ نے تحصیل مریدکے میں پی ٹی آئی سیاست کا رخ تبدیل کر دیا

اتوار 29 اپریل 2018 19:20

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مینار پاکستان جلسہ نے تحصیل مریدکے میں پی ٹی آئی سیاست کا رخ تبدیل کر دیا۔ کمزور امیدوار تصور کئے جانے والے بریگیڈیئر (ر) راحت امان اللہ بھٹی کی قیادت میں لاہور پہنچنے والے سب سے بڑے جلوس نے سیاسی اندازے غلط ثابت کر دیئے۔ مسلم لیگ(ن) کے چیئر مین یونین کونسل موضع نون اور چیئر مین یونین کونسل دھروڑ مسلم محمد حسین بھلر نے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرکے درجنوں گاڑیوں پر مشتمل جلوس لاہور روانہ کیا۔

بریگیڈیئر (ر) راحت امان اللہ بھٹی کی قیادت میں امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 135 اعجاز احمد سیہول،جاوید اقبال گورایا، پی پی 136سے چودھری محمد ارشد ورک، رانا اعجاز حسین، سابق ٹکٹ ہولڈر عامر گجر کے سیکڑوں کارکنوں نے دو سو سے زائد گاڑیوں کے جلوس میں لاہور کے جلسہ میں روانگی کی۔

(جاری ہے)

روانگی سے قبل مقامی شادی ہال میں چودھری ارشد ورک نے سیکڑوں کارکنوں کی چکن بریانی اور ٹھنڈے مشروبات سے خوب تواضع کی جس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے پاکستان تحریک انصاف میں باقائدہ شمولیت کا اعلان کیا۔

انہوںنے کہا کہ وہ کرپٹ سسٹم اور کرپٹ ٹولے کے ساتھ نہیں چل سکتے اس لیے انہو ںنے مسلم لیگ(ن) کو خیربا د کہہ کر ختم نبوت ﷺکے قانون میں ترمیم کا بدلہ لے لیا ہے۔ امیدوار قومی اسمبلی119 بریگیڈیئر(ر) راحت امان اللہ بھٹی نے کہا کہ ہم نے غلامی، بد تمیزی اور خاندانی سیاست کے خاتمہ کا تہیہ کر لیا ہے اور ہمارے آج کے جلسہ نے آئندہ انتخابات کا نتیجہ واضع کر دیا ہے۔ دوسری جانب عمرآفتاب ڈھلوں کی قیادت میں لاہور جانے والا جلوس عام عوام کی توجہ نہ حاصل کر سکا اور اس کے گروپ میں شامل میاں خالد جاوید وغیرہ کے ڈیرے ویران نظر آئے۔