ضلع میں گندم کی سرکاری خریداری کے سلسلے میں طے شدہ پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جارہا ہے، ڈپٹی کمشنر سلمان غنی

اتوار 29 اپریل 2018 21:10

فیصل آباد۔ 29اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2018ء) ضلع میں گندم کی سرکاری خریداری کے سلسلے میں کاشتکاروں کی سہولت کے لئے حکومت پنجاب کی طے شدہ پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جارہا ہے اس ضمن میں کمپیوٹرائزڈ رجسٹریشن کے ذریعے موصول شدہ درخواستوں کے اہل کاشتکاروں کو سو فیصد باردانہ ملے گا لہٰذا کسی قسم کا ابہام نہیں ہونا چاہئے ۔

یہ بات ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو )محمد شاہد نے ضلع میں گندم کے مختلف خریداری مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے کہی ۔ وہ تحصیل تاندلیانوالہ اور سمندری کے خریداری مراکز پر گئے اور باردانہ کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے سٹاف کو ہدایت کہ باردانہ کی شفاف اور منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائیں اس ضمن میں حقیقی کاشتکار کو کوئی دقت یا شکایت درپیش نہیں ہونی چاہئے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے خریداری مراکز پر کاشتکاروں کے لئے انتظار گاہ میں سہولیات کو چیک کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پینے کے ٹھنڈے پانی اور الیکٹرک پنکھوں سمیت آرام کے لئے دیگر سہولیات کو ہمہ وقت برقرار رکھا جائے ۔ انہوں نے سٹاف کو خبردار کیا کہ اگر بدعنوانی یا ہیرا پھیری کی کوئی شکایت سامنے آئی تو قصور واروں کو معاف نہیں کیا جائے گا ۔ اے ڈی سی ( ریونیو ) نے سنٹر پر موجودہ کاشتکاروں سے ملاقات بھی کی اور ان سے سہولیات کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی خریداری کے عمل میں آسانیوں کو برقرار رکھا جائے گا اور حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں کاشتکاروں کو سنٹرز پر پورا احترام ملے گا۔

متعلقہ عنوان :