قصور میں عدلیہ مخالف ریلی نکالنے والے افراد کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

پیر 30 اپریل 2018 22:41

لاہور۔30 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) قصور میں عدلیہ مخالف نعرے بازی اور ریلی نکالنے والے افراد کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے سماعت کے لیے کیس فل بنچ کو بھجوا دیا ۔

(جاری ہے)

درخواست ڈسٹرکٹ قصور بار کے صدر مرزا نسیم کی جانب سے دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 13 اپریل کو قصور میں کشمیر چوک پر ریلی نکالی گئی جس کی قیادت مقامی ایم این اے اور ایم پی اے نے کی۔

ریلی کے قائدین کیجانب سے ججز کیخلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے گئے . درخواست گزار کیمطابق عدلیہ کیخلاف احتجاج اور ریلی سوچی سمجھی سازش کے تحت کروائی گئی لہذا ملزمان کیخلاف توہین عدالت کی کاروائی کی جائے ۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے درخواست سماعت کے لیے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں قائم فل بنچ کو بھجوا دی جس کی سماعت دو مئی کو ہو گی۔