ایران نے تمام اسرائیلی الزامات یکسر مسترد کر دئیے،اسرائیلی الزامات پرانے دعوے ہیں ، ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف

منگل 1 مئی 2018 18:51

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 مئی2018ء) تہران نے اسرائیل کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات یکسر مسترد کر دئیے،اسرائیلی الزامات پرانے دعوے ہیں جن کا توانائی ایجنسی پہلے ہی جائزہ لے چکی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابقایران نے اپنے مبینہ طور پر خفیہ ایٹمی پروگرام سے متعلق اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے تازہ ترین الزامات مسترد کر دیے ہیں۔

(جاری ہے)

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ نیتن یاہو کے یہ الزامات وہی پرانے دعوے ہیں، جن کا بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی پہلے ہی جائزہ لے چکی ہے۔ اس سلسلے میں اسرائیلی وزیر اعظم نے صحافیوں کے سامنے ایران پر الزامات لگاتے ہوئے ان ہزاروں مبینہ خفیہ ایرانی دستاویزات کا حوالہ دیا تھا، جو ان کے بقول اسرائیلی انٹیلیجنس اپنے قبضے میں لے چکی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ کے بقول نیتن یاہو کے ان الزامات میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔