شب برات پر بھی آتش بازی و پٹاخے شہریوں کا سکون غارت کرتے رہے

راولپنڈی پولیس کی بڑی کارروائی، بھاری مقدار میں سامان آتش بازی بر آمد ،10 ملزمان گرفتار مقدس رات کو آتش بازی ہندوانہ رسم اور خلاف شریعت و خلاف اسلام ہے ،مذہبی رہنمائوں کا ردعمل

منگل 1 مئی 2018 21:37

راولپنڈی ۔ یکم مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2018ء) راولپنڈی پولیس نے شب برات کے موقع پر آتش بازی کا سامان اور پٹاخے فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بھاری تعداد میں آتش بازی کاسامان بر آمد کر کے 10ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔راولپنڈی پولیس کے ترجمان عمران حیدر نے’’ اے پی پی ‘‘کو بتایاکہ شب برات کے موقع پر آتش بازی کا سامان فروخت کرنے والوں کے خلاف راولپنڈی پولیس کے مختلف تھانوں گوجر خان، ایئرپورٹ، نیو ٹاؤن اور وارث خان کے علاقوں میں بھر پور کارروائی کی گئی اور 10 ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں آتش بازی کا سامان اور پٹاخے بر آمد کر لئے گئے۔

دوسری جانب شہریوں نے قومی خبرا یجنسی کو بتایاکہ تھانہ آر اے بازار تھانہ صدر بیرونی اور تھانہ نصیر آباد کے علاقوں میں بھی سامان آتش بازی کی فروخت کا سلسلہ جاری رہا اور نوجوانوں کی بڑی تعداد رات گئے تک آتش بازی میں مصروف رہی تاھم پولیس کی جانب سے کارروائی نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

مختلف علمائے کرام نے شب برات کے مقدس موقع پر نوجوان نسل کی جانب سے آتش بازی کو مکمل طور پر غیر شرعی اور خلاف اسلام فعل قرار دیتے ہوئے والدین کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔

معروف عالم دین صاحبزادہ مقصود احمد صابری اور اہلسنت والجماعت کے مقامی ترجمان قاری محمد نوید سیالوی نے ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے شب برات کو افضل ترین رات قرار دیا اور کہاکہ یہ رات اپنے گناہوں کے کفارہ کی رات ہے چہ جائیکہ اس رات ہندوانہ رسم اختیار کی جائے اور پٹاخے چلائے جائیں۔

متعلقہ عنوان :