پانچ ممالک سعودی عرب میں ایٹمی پلانٹ کی تعمیر کے خواہشمند

امریکا ، چین ، روس ، فرانس اور جنوبی کوریاسعودی مملکت سے ٹھیکے حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں،رپورٹ

بدھ 2 مئی 2018 12:23

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) امریکا ،چین ،روس سمیت پانچ ممالک سعودی عرب میں ایٹمی پلانٹس کی تعمیر میں دلچسپی رکھتے ہیں اوراس کام کے حصول کی دوڑ میں شامل ہو گئے ۔سعودی عرب تجارتی، صنعتی، تکنیکی ضرورت سمیت دیگر پر امن مقاصد کے لئے ایٹمی پلانٹ تیار کرنا چاہتا ہے ، سعودی کابینہ اس حوالے سے قومی جوہری پالیسی کی منظوری بھی دے چکی ہے اور آئندہ بیس سال میں 16 جوہری توانائی کے مراکز قائم کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے ،وہ امریکا سے جوہری ٹیکنالوجی کے حصول کی کوششوں میں مصروف ہے۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی انسٹی ٹیوٹ نے بتایاکہ پانچ ممالک کی کمپنیاں سعودی مملکت سے ٹھیکے حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں، ان میں امریکا ، چین ، روس ، فرانس اور جنوبی کوریا کی کمپنیاں شامل ہیں۔امریکی حکام کا کہناتھا کہ پر امن مقاصد کے لئے ایٹمی پلانٹ تیار کرنے میں سعودی عرب کا ساتھ دینا چاہئے،اور ایٹمی عدم پھیلاو کی شرائط کے ساتھ سعودی عرب کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔ایک امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ایٹمی پلانٹ بنانے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لئے روس اور چین سعودی عرب کی مدد کرسکتے ہیں،لیکن اپنے سعودی دوستوں کے ساتھ ہمیں گفتگو کرنی چاہئے۔