شامی حکومت سے معاہدہ،

تحریر الشام کے درجنوں جنگجو الیرموک سے اِدلب پہنچ گئے بدلے میں تحریر الشام ِادلِب صوبے کے دو قصبوں الفوعہ اور کفریا سے پانچ ہزار افراد کو باہر جانے دے گی

بدھ 2 مئی 2018 15:37

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) شام میں جنگجو تنظیم تحریر الشام (سابقہ النصرہ محاذ) کے درجنوں ارکان الیرموک کیمپ سے شمالی شام پہنچ گئے۔ ان جنگجوؤں کی آمد بشار حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ایک معاہدے کے تحت ہوئی ۔ معاہدے میں اِدلب صوبے کے دو محصور قصبوں سے شہریوں کو باہر لانے کی شق شامل ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق تبادلے کی کارروائی حلب کے جنوبی نواح میں العیس کے علاقے میں انجام پائی۔

(جاری ہے)

یہ اس معاہدے کے پہلے مرحلے پر عمل درآمد ہے جس کا اعلان دمشق حکومت نے اتوار کے روز کیا تھا اور بعد ازاں تحریر الشام نے اس کی تصدیق کر دی۔معاہدے میں تحریر ہے کہ شامی حکومت دمشق کے جنوب میں واقع الیرموک کیمپ سے تحریر الشام تنظیم کے سیکڑوں جنگجوؤں کو باہر آنے کی اجازت دے گی اور اس کے مقابل تنظیم اِدلِب صوبے کے دو شیعہ قصبوں الفوعہ اور کفریا سے پانچ ہزار کے قریب افراد کو باہر جانے دے گی۔ یاد رہے کہ مذکورہ قصبے 2015ء سے محصور ہیں۔افراد کے تبادلے کی یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب شامی حکومت کی فورسز نے داعش تنظیم کے خلاف اپنے آپریشن کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ داعش تنظیم فلسطینی پناہ گزینوں کے کیمپ الیرموک کے بڑے حصّے پر قابض ہے۔

متعلقہ عنوان :