عدالت عظمیٰ کا پی ڈبلیو ڈی ملازمین کو تین روز کے اندرتنخواہیں ادا کرنے کا حکم

صدر اور وزیراعظم صاحب کو تنخواہیں دیدیں ، مجھے اس وقت دی جائے جب تمام ملازمین کو تنخواہ مل جائے،چیف جسٹس ثاقب نثار کے ریمارکس

بدھ 2 مئی 2018 22:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2018ء) عدالت عظمیٰ نے پی ڈبلیو ڈی ملازمین کو تین روز کے اندر تنخواہوں ادائیگی یقینی بنانے کا حکم صادر کردیاجبکہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ صدر اور وزیراعظم صاحب کو تنخواہیں دے دیں لیکن مجھے اس وقت تنخواہ دیں جب تمام ملازمین کو تنخواہ مل جائے، بدھ کے روز چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت کی دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا معصوم لوگوں کو تنخواہیں مل چکی ہیں' جس پر سیکرٹری خزانہ نے عدالت کو بتایا کہ 6 لاکھ 56 ہزار افراد کو تنخواہ مل چکی ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ وزیراعظم صاحب اور صدر صاحب کو تنخواہیں دے دیں اور مجھے اس وقت تنخواہ دیں جب تمام ملازمین کو تنخواہ مل جائے، عدالت نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے تمام سرکاری ملازمین کو تین دنوں میں تنخواہیں ادا کی جائیں۔