ٹھٹھہ میں بجلی کے لگاتار گیارہ گھنٹے طویل بریک ڈاون کے باعث عوام شدید مشکلات سے دوچار

شب برات کی مقدس رات عوام کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے بعد صبح کے چار بجتے ہی ٹھٹھہ اور اس کے مضافات میں بجلی کی فراہمی بند ہوگئی جوکہ سہہ پہر تین بجے کے بعد جاکر بحال ہوئی

بدھ 2 مئی 2018 23:03

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2018ء) ٹھٹھہ میں بجلی کے لگاتار گیارہ گھنٹے طویل بریک ڈاون کے باعث عوام شدید مشکلات سے دوچار۔ کاروبار بھی شدید متاثر۔ تفصیلات کے مطابق شب برات کی مقدس رات عوام کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے بعد صبح کے چار بجتے ہی ٹھٹھہ اور اس کے مضافات میں بجلی کی فراہمی بند ہوگئی جوکہ سہہ پہر تین بجے کے بعد جاکر بحال ہوئی تو عوام نے سکون کا سانس لیا۔

تاہم اس دوران مسلسل گیارہ گھنٹے طویل بجلی کے بریک ڈاؤن اور شدید گرمی کے باعث شہریوں کو سخت مشکلات سے دوچار ہونا پڑا، شہریوں نے حیسکو کے اس عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ حیسکو حکام نے مقدس رات میں بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کی کسر صبح ہوتے ہی نکال لی اور عوام کو دن کا دو تہائی حصہ بجلی کی فراہمی سے محروم رکھا جس کے باعث عوام خصوصاً خواتین، بچے اور معمر حضرات گرمی سے بلک رہے ہیں جبکہ شب برات کے موقع پر شب بیداری کرنے والے افراد صبح کو سکون سے سو نہیں پائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کے شدید احتجاج کے باوجود حیسکو حکام اپنے ہتھکنڈوں سے باز نہیں آئے ہیں اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کرکے عوام کو پریشان کیا جا رہا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے بصورت دیگر شدید احتجاج کریں گے۔ دریں اثنا بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کے باعث گھریلو صارفین کے علاوہ کاروباری صارفین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور بجلی سے چلنے والے کاروبار شدید متاثر نظر آئے۔

متعلقہ عنوان :