کوئٹہ ، وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کے ساتھ ناروا رویہ اپنا رکھا ہے،میر عبدالکریم نوشیروانی

جب سے بلوچستان میں میر عبدالقدوس بزنجو کی سربراہی میں حکومت تشکیل پائی ہے مرکز سے سازشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے یہاں تک کہ صوبے کے فنڈز بھی بند کردیئے گئے ہیں،وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ایکسائز ،ٹیکسیشن و ٹرانسپورٹ

بدھ 2 مئی 2018 23:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2018ء) وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ایکسائز ،ٹیکسیشن و ٹرانسپورٹ میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کے ساتھ ناروا رویہ اپنا رکھا ہے جب سے بلوچستان میں میر عبدالقدوس بزنجو کی سربراہی میں حکومت تشکیل پائی ہے مرکز سے سازشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے یہاں تک کہ صوبے کے فنڈز بھی بند کردیئے گئے ہیں۔

یہ بات اُنہوں نے کوئٹہ میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اُنہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے صوبے کے ساتھ جو رویہ اپنایا ہے وہ جمہوریت کے منافی ہے۔بلوچستان کی موجودہ حکومت کو مرکز کی طرف سے کوئی رسپانس نہیں دیا جارہا اور یہ کوشش کی جارہی ہے کہ یہاں کی صوبائی حکومت کو بے اختیار بنایا جائے ان سازشوں کے باعث موجودہ صوبائی مخلوط حکومت مفلوج ہو کر رہ گئی ہے اُنہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اس وقت کامن مین اور متوسط طبقہ برسر اقتدار ہے مرکز میں بیٹھے جاگیرداروں کو یہاں کے کامن مین اور متوسط طبقے کا یہ اقتدار کسی بھی طرح برداشت نہیں ہورہا اور وہ تواتر سے سازشوں میں لگے ہوئے ہیں اور ان سازشوں میں انہیں بلوچستان میں بھی بعض عناصر کی بھرپور معاونت حاصل ہے جن کی یہ مشترکہ کوشش ہے کہ میر عبدالقدوس بزنجو کی حکومت کو ناکام بنایا جائے تاکہ مستقبل میں نام نہاد قوم پرست اور قبائلی طاقتیں واپس اقتدار میں آسکیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ اگر بلوچستان کی سیاست پر نظر دوڑائی جائے تو یہی قبائلی طاقتیں1973ء سے لے کر آج تک برسراقتدار رہیں لیکن اس کے باوجود بلوچستان 1947ء کے نقشے میں گھوم رہا ہے پہلی مرتبہ صوبے کو مخلص اور ایماندار متوسط طبقے کی قیادت ملی ہے جسے صوبے کی یہ قبائلی طاقتیں اور نام نہاد قوم پرست برداشت نہیں کررہی ہیں اُنہوں نے کہا کہ 2018ء کے عام انتخابات میں یہی متوسط طبقہ ان قبائلی طاقتوں اور نام نہاد قوم پرستوں کو شکست فاش دے گا اور ایک نئی تاریخ رقم کرے گا اور صوبے میں آنے والی متوسط طبقے اور کامن مین کی حکومت بلوچستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کردے گی۔

متعلقہ عنوان :