پاکستانی طالبہ نے امریکی محکمہ خارجہ کا ’’امرجنگ ینگ لیڈرز ایوارڈ‘‘ جیت لیا

جمعرات 3 مئی 2018 12:49

پاکستانی طالبہ نے امریکی محکمہ خارجہ کا ’’امرجنگ ینگ لیڈرز ایوارڈ‘‘ ..
واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان سے تعلق رکھنے والی دانیا حسن سمیت دنیا بھر کی 10 غیر معمولی صلاحیت کی حامل نوجوان لڑکیوں کو ’’امرجنگ ینگ لیڈرز ایوارڈ‘‘ سے نوازا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے گزشتہ روز ہونے والی تقریب میں انہیں یہ ایوارڈ پاکستان میں تعلیم کے شعبہ میں مثبت سماجی تبدیلی لانے کیلئے کی جانی والی کوششوں کے اعتراف میں دیا۔

18سالہ دانیا حسن نے جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سمر سکول میں یو ایس سمر سسٹرز ایکسچینج پروگرام کے ذریعے شرکت کی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ یو ایس پاکستان وویمن کونسل نے ’’فن ٹو لرن‘‘ نامی تنظیم قائم کی جس کے ذریعے رضاکاروں پر مشتمل ٹیموں نے پاکستان کے پسماندہ علاقوں کے سکولوں میں غیر نصابی سرگرمیوں کا انعقاد کیا۔

(جاری ہے)

امریکا میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری نے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے یو ایس پاکستان وویمن کونسل کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستانی نوجوان اور خواتین زندگی کے مختلف شعبوں میں متحرک اور فعال کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کونسل اور اس کے پارٹنرز پر زور دیا کہ وہ مستقبل میں تعاون کیلئے مزید مواقع تلاش کریں۔ اس سے قبل دانیا حسن کی کامیابی کے حوالے سے یو ایس پاکستان وویمن کونسل نے مس شائستہ محمود کی رہائش گاہ پر ایک تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب میں امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر افسران، یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے بورڈ ممبران، پاکستانی کیمونٹی کے ممبران اور طلبہ نے شرکت کی۔