عمر ایوب خان نے خان پور کے عوام کو کرش مشینوں کی وجہ سے پیدا مسائل جلد حل کروانے کی یقین دہانی کرا دی

جمعرات 3 مئی 2018 13:55

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 17 عمر ایوب خان نے خان پور کے عوام کو کرش مشینوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل جلد حل کروانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس حوالہ سے انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے بات کرنے سمیت وفد کی صورت میں ڈپٹی کمشنر سے ملاقات بھی کریں گے۔

(جاری ہے)

عمر ایوب خان جب گذشتہ رو ز خان پور پہنچے تو انہیں مقامی لوگوں نے بتایا کہ مختلف علاقوں میں چلنے والی کرش مشینوں نے مقامی لوگوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے، آئے روز بلاسٹنگ کی وجہ سے جہاں زندگیاں خطرے میں ہیں اور گھر تباہ ہو رہے ہیں تو وہاں اس بلاسٹنگ اور بھاری گاڑیوں کی آمدورفت سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

علاوہ ازیں کرش پلانٹ چلنے کی وجہ سے بجلی اور پانی کی کمی کے مسائل بھی درپیش ہیں اور لوگ فریاد کر کے تھک چکے ہیں لیکن مقامی قیادت ان مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ دکھائی نہیں دیتی جس پر عمر ایو ب خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے بات کر کے مذکورہ مسئلہ کے حل کی یقین دہانی کروائی جبکہ اس مسئلہ پر وفد کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر ہری پور سے ملاقات بھی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔