ہزارہ موٹروے نواز شریف کا اہلیان ہزارہ کیلئے بہترین تحفہ ہے، تاریخ ساز جلسہ کر کے مخالفین کو بھاگنے پر مجبور کر دیں گے

مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وزیر مملکت سردار شاہجہان یوسف کا مانسہرہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب

جمعہ 4 مئی 2018 12:03

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) سابق وزیر مملکت سردار شاہجہان یوسف نے کہا ہے کہ ہزارہ موٹروے محمد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کا ہزارہ کے عوام کیلئے بہترین تحفہ ہے، 2013ء کے جلسہ میں محمد نواز شریف نے مانسہرہ کے مقام پر یہ اعلان کیا تھا کہ ایکسپریس وے کی بجائے ہزارہ کی عوام کو موٹر وے بنا کر دیں گے اور اس وعدے کو عملی جامع پہنایا۔

یہاں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں ضلع مانسہرہ کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کئی بڑے پراجیکٹس آئے جن مں 12 انچ کی اضافی گیس پائپ لائن، 220 کے و ی گرڈ سٹیشن مانسہرہ اور پاسپورٹ آفس مانسہرہ کے قیام سمیت دیگر کئی اہم پراجیکٹس شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 6 مئی کو محمد نواز شریف کا مانسہرہ پہنچنے پر شاندار استقبال کریں گے اور مانسہرہ میں2013ء کی طرح ایک ریکارڈ اور تاریخ ساز جلسہ کر کے مخالفین کو سوچنے اور بھاگنے پر مجبور کر دیں گے، ہم اہلیان مانسہرہ 6 مئی کو محمد نواز شریف کا موٹروے کا تحفہ دینے کا بھی شکریہ ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

سردار شاہجہان یوسف نے کہا کہ انشاء الله آئندہ الیکشن بھی مسلم لیگ (ن) جیتے گی اور ملک میں حکومت بنائے گی، عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جا رہے ہیں، الحمد الله ہمارا پورا گروپ عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہے، آئندہ الیکشن کے بعد انشاء الله حلقہ پی کے 34- کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا اور عوام کو ان کے بنیادی حقوق فراہم کئے جائیں گے۔ تقریب سے ممبر ضلع کانسل اقبال جہانگیری، ممبر ضلع کونسل سراج خان، راجہ ولی جان، قاری راجہ محمد بشیر ایوب، راجہ یونس کیانی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر گروپ میں شامل ہونے والوں کو ہار بھی پہنائے گئے۔