کپاس کی درمیانی کاشتہ فصل میں پودے سے پودے کا فاصلہ 9 سے 12 انچ، کھیلیوں سے کھیلیوں کا فاصلہ 2 فٹ 6 انچ جبکہ پودوں کی تعداد 17500 سے 23000 فی ایکڑ رکھنے کی ہدایت

جمعہ 4 مئی 2018 15:19

فیصل آباد۔4 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) ماہرین زراعت نے کپاس کی درمیانی کاشتہ فصل میں پودے سے پودے کا فاصلہ 9 سے 12 انچ، کھیلیوں سے کھیلیوں کا فاصلہ 2 فٹ 6 انچ جبکہ پودوں کی تعداد 17500 سے 23000 فی ایکڑ رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کپاس کی زیادہ و منافع بخش پیداوار کا انحصارکاشت کی منصوبہ بندی کے علاوہ کپاس کے کھیت میں ناغوں کو پر کرنے، بروقت چھدرائی، پودوں کی مطلوبہ تعدادحاصل کرنے اور قطاروں میں پودوں کا آپس میں درمیانی فاصلہ برقرار رکھنے میں مضمرہے ۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار چھدرائی کا عمل بوائی سے 20سی25 دن کے دوران یا پہلے پانی سے قبل یا خشک گوڈی کے بعد ہر حالت میں ایک ہی دفعہ مکمل کریں اور چھدرائی کے دوران کمزور، بیماری سے متاثرہ اور فالتو پودے نکال دیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کپاس کی پچھیتی کاشتہ فصل میں ایک ایکڑ میں پودوں کی تعداد 23000 سے 35000 اور پودوں کی مطلوبہ تعداد حاصل کرنے کیلئے پودے سے پودے کا فاصلہ 6 سے 9 انچ رکھا جائے ۔

انہوںنے کہا کہ بی ٹی اقسام کو اگر لائنوں میں کاشت کیا گیا ہے تو پہلی آبپاشی بوائی کے 30 تا 35 دن بعد جب کہ بقیہ آبپاشیاں 12 تا 15 دن کے وقفہ سے کی جائیں۔ انہوںنے کہا کہ پٹڑیوں پر کاشت کی صورت میں بوائی کے بعد پہلا پانی 2 تا 3 دن بعد اور بقیہ 6 تا 9 دن کے وقفہ سے لگا نا ضروری ہے تاہم پودے کو پانی کی کمی کی علامات ظاہر ہونے پر فصل کی آبپاشی میں کسی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔ انہوںنے کہا کہ کاشتکار ڈرل سے لائنوں میں کاشت کی گئی روایتی کپاس کو پہلی آبپاشی بوائی کے 30 تا40 دن بعد اس کے بعد ہر آبپاشی 12 تا 15 دن کے وقفہ سے کریں تاکہ بمپر کراپ کا حصول یقینی ہو سکے ۔

متعلقہ عنوان :