جو انٹرنیشنل کرکٹر پاکستان میں کھیلنا نہیں چاہتے انہیں پی ایس ایل کے ڈرافٹ میں شامل نہیں کیا جانا چاہئے، کرکٹر صادق

جمعہ 4 مئی 2018 16:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2018ء) سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق نے کہا ہے کہ غیر ملکی ٹیموں اور پی ایس ایل کے میچز کے انعقاد کو صرف لاہور اور کراچی سٹیڈیم تک نہ محدود رکھا جائے بلکہ راولپنڈی ،فیصل آباد ،،ملتان ،شیخوپورہ اور دیگر شہروں میں بھی ان کا انعقاد ہونا چاہئے تا کہ وہاں کے شائقین کرکٹ بھی اپنی ہوم گرائونڈ پر ملکی و غیر ملکی کرکٹر سٹارز کے کھیل سے لطف اندوز ہوسکیں ۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ملک کا ہر چھوٹا بڑا شہر یکساں اہمیت کا حامل ہے اسلئے کسی بھی شہر کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ جو انٹرنیشنل کرکٹر پاکستان میں کھیلنا نہیں چاہتے انہیں پی ایس ایل کے ڈرافٹ میں کسی بھی صورت میں شامل نہیں کیا جانا چاہئے ۔۔پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال کافی بہتر ہوگئی ہے اب دنیائے کرکٹ کی دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آکر کھیلنا چاہیں گی ۔انہوں نے کہاکہ ٹیموں کی سلیکشن میں میرٹ کا خیال رکھا جانا چاہئے اور ہر کھلاڑی کا متبادل کھلاڑی ہونا چاہئے تاکہ کسی کے ان فٹ ہونے سے فرق نہ پڑے ۔۔