SCسے 47سو نرسز ہیلتھ کیئر سسٹم میں آرہی ہیں، خواجہ سلمان رفیق

محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اور پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ میں ڈاکٹرز کی خالی آسامیاں پر کرنے کے لئے PPSCکو ریکوزیشن بھیج دی ہے،صوبائی وزیر ہیلتھ کیئر

جمعہ 4 مئی 2018 20:00

SCسے 47سو نرسز ہیلتھ کیئر سسٹم میں آرہی ہیں، خواجہ سلمان رفیق
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2018ء) صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ چار ہزار سات سو نرسز پنجاب پبلک سروس کمیشن سے سلیکٹ ہو کر جلد ہیلتھ کیئر سسٹم میں شامل ہورہی ہیں ان نرسز کے آنے سے صوبے کے تمام ہسپتالوں میں نرسز کی کمی کو پورا کرنے میں بہت مدد ملے گی اور صحت کی خدمات میں مزید بہتری آئے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ٹیچنگ ہسپتالوں اور سپیشلائزڈ ہیلتھ کے اداروں میں مریضوں اور لواحقین کے لئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی جائے اور تمام ہسپتالوں کے سربراہان اپنے اپنے ادارے میں انتظامات کا جائزہ لے لیں کیونکہ آئندہ ہفتہ سے پینے کے پانی کے انتظامات کی تھرڈ پارٹی پڑتال کا آغاز کیا جارہا ہے جس میں ہر ادارے کے اقدامات کا انفرادی طور پر جائزہ لیا جائے گا اور اس سلسلہ میں ادارے کا سربراہ جوابدہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات آج محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے کمیٹی روم میں تمام میڈیکل ایجوکیشن کے اداروں اور ٹیچنگ ہسپتالوں کے سربراہان کے ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ نجم احمد شاہ، سپیشل سیکرٹری عثمان معظم کے علاوہ محکمہ صحت کے افسران ، واسا، پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے ماہرین نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ہسپتالوں میں مریضوں اور ان کے لواحقین کے لئے پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے کئے گئے اقدامات ، ROپلانٹس ، واٹر فلٹریشن پلانٹس ، الیکٹرک واٹر کولر کی تنصیب کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور تمام ہسپتالوں کے سربراہان نے فردا فردا اپنے ادارے کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو ادویات کی مفت فراہمی و دستیابی کا بھی جائزہ لیا گیا۔

مزید برآں انفیکشن کنٹرول کے اقدامات میں پیش رفت سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ نجم احمد شاہ نے انکشاف کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں میڈیکل آفیسرز اور ویمن میڈیکل آفیسرز کی خالی آسامیوں پر پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتی پر کوئی پابندی نہیں ہے لہذا MOs اور WMOs کی خالی آسامیاں پر کرنے کے لئے PPSCکو ریکوزیشن بھجوا دی گئی ہے۔نجم احمد شاہ کا کہنا تھا کہ نئی آنے والی نرسز اور ڈاکٹرز تمام سرکاری ہسپتالوں میں سپلائی اینڈ ڈیمانڈ کے تحت تعینات کئے جائیں گے جس کا ڈسٹری بیوشن پلان ہسپتالوں کے سربراہان کی طرف سے ریکوزیشن کی روشنی میں بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :