غسل خانے میں خفیہ کیمرہ لگانے والے نیوزی لینڈ کے فوجی اتاشی پر مقدمہ

دوران سماعت ملزم کی عدالت سے نام ظاہر نہ کرنے کی استدعا/فوجی اتاشی جنسی ہوس میں مبتلا ہیں، قریبی ذرائع

ہفتہ 5 مئی 2018 11:53

ویلنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2018ء) امریکا میں نیوزی لینڈ کے سفارتخانے سے وابستہ فوجی اتاشی کموڈور ایلفریڈ کیٹنگ سفارتخانے کے غسل خانوں میں خفیہ کیمرے لگا کر خواتین اہلکاروں کی ویڈیوز بنانے کے الزام میں ان دنوں اپنے ملک میں مقدمہ کا سامنا کر رہے ہیں۔نیوزی لینڈ کے مقامی اخبار کے مطابق نیوزی لینڈ سفارتخانے کے غسل خانوں میں خفیہ کیمروں کا انکشاف گذشتہ برس جولائی میں ہوا تھا۔

اخبار کے مطابق سابق فوجی اتاشی نے عدالت سے دوران مقدمہ استدعا کی تھی کہ کارروائی کے دوران اس کا نام ظاہر نہ کیا جائے۔ گزشتہ روز اس ضمن میں پہلی سماعت ہوئی۔ اسی اخبار کے مطابق نیوزی لینڈ پولیس نے اپنی نوعیت کے انوکھے واقعے کی تفتیش کے لئے امریکا کا دورہ بھی کیا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس کی تحقیقات کے نتیجے میں سابق فوجی اہلکار پر غیر قانونی طریقے سے شرمناک مناظر کو خفیہ کیمروں کے ذریعے مانیٹر کرنے کا الزام عاید کیا گیا۔

اٹھاون سالہ کموڈور ایلفرڈ نے الزامات سچ ثابت ہونے پر اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا اور ان دنوں نیوزی لینڈ میں موجود ہیں۔ اہلکار کے قریبی ذرائع کا کہناتھا کہ فوجی اتاشی جنسی ہوس میں مبتلا ہیں۔کیٹنگ امریکا میں اپنے ملک کے سفارتخانے میں ایک اعلی اور ذمہ دار عہدے پر فائز تھے۔ وہ امریکی ہم منصب عہدیداروں سے نیوزی لینڈ سے متعلق متعدد اہم معاملات میں اپنے ملک کی نمائندگی کر چکے تھے۔ اس بات کا احتمال ہے کہ کیٹنگ کو شرمناک اقدام کی پاداش میں ایک سے دو برس کی قید کی سزا سنا دی جائے۔

متعلقہ عنوان :