پی ایم آئی سی اور سونا ویلفیئر فاؤنڈیشن نے پانچ ہزار چھوٹے کاشتکاروں کو خدمات کی فراہمی کے لیے معاہدہ کرلیا

ہفتہ 5 مئی 2018 18:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2018ء) پاکستان مائیکروفنانس انوسٹمنٹ کمپنی (پی ایم آئی سی ) اور فوجی فرٹیلائزر کمپنی ( ایف ایف سی ) کے سماجی خدمات کے شعبے سونا ویلفیئر فاؤنڈیشن (ایس ڈبلیو ایف) کے مابین ایک معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے تحت 260ملین روپے کی لاگت سے ننکانہ صاحب، شیخوپورہ اور گجرانوالہ کے اضلاع میں پانچ ہزار چاؤل کے کاشتکاروں کے لیے زرعی ویلیو چین کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

معاہدے پر پی ایم آئی سی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر یاسر اشفاق اور سونا ویلفیئر فاؤنڈیشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر بریگیڈئر (ر) ارشد محمود نے دستخط کیے۔ ویلیوچین میں مائیکروفنانس ، کسانوں کی پروفائلنگ، آگہی سیشن اور زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے تربیت کی فراہمی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس منصوبے سے زرعی مصنوعات کی فراہمی اور پیداوار کی خریداری کے لیے کاشتکاروں کے سرکاری و نجی اداروں سے تعلقات بھی قائم ہونگے۔

کسانوں کو موسم کے احوال اور زرعی شعبے میں بہترین طریقہ کار سے متعلق آگہی کے لیے ایس ایم ایس سروس بھی شروع کی جائے گی۔ یہ اشتراک دونوں اداروں کے مابین گزشتہ اشتراک کا تسلسل ہے جس کے تحت ضلع بہاولپور میں ایک ہزار کپاس کے کاشتکاروں کے لیے زرعی ویلیو چین قائم کی گئی تھی جس سے ان کی آمدن میں اضافہ ہوا۔اس منصوبے کا ایک بڑا حصہ پی ایم آئی سی کے مائیکروفنانس اداروں کے ذریعے چھوٹے کاشتکاروں کو مائیکروکریڈٹ کی فراہمی کے لیے مختص ہوگا۔

معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم آئی سی کے سی ای او، یاسر اشفاق نے کہا: ’’پی ایم آئی سی ، سونا ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ساتھ اپنے اشتراک کی قدر کرتی ہے اور صف ِ اول کے مائیکروفنانس ادارے کی حیثیت سے ہم ملک کے محروم طبقات کی بہتری پر مبنی منصوبوں کے آغاز کے لیے نجی اداروں کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ پی ایم آئی سی اور ایس ڈبلیو ایف محروم طبقوں کے معیار زندگی میں بہتری کا مشترکہ عزم رکھتے ہیں اور آئندہ سالوں میں ہم ایس ڈبلیو ایف کے ساتھ اپنے اشتراک کو مزید ترقی دے کر ملک بھر میں ایک لاکھ چھوٹے کاشتکاروں کو خدمات مہیا کرنا چاہتے ہیں۔

‘‘سونا ویلفیئر فاؤنڈیشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر بریگیڈئر (ر) ارشد محمود (ستارہ امتیاز ملٹری) نے اظہا ر خیال کرتے ہوئے کہا: ’’پی ایم آئی سی کے ساتھ ہمارا اشتراک ملک کے مختلف علاقوں میں چھوٹے کاشتکاروں کا معیار زندگی بہتر بنانے میں بہت مددگار ثابت ہوا ہے۔ پی ایم آئی سی کے ساتھ باہمی تعاون کے دوسرے مرحلے میں داخل ہوتے ہوئے ہمیںمحسوس ہوتا ہے کہ ہمارا اشتراک کار چھوٹے کاشتکاروں کی پیداوار بڑھانے کے لیے زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے خاص اہمیت کا حامل ہے ۔

‘‘اس موقع پر پی ایم آئی سی اور ایس ڈبلیو ایف نے مائیکروفنانس اور مائیکروفنانس پلس اقدامات کے ذریعے چھوٹے کاشتکاروں کے فائدے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ پاکستان مائیکرو فنانس انوسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ ( پی ایم آئی سی ) اسکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ( ایس ای سی پی ) کے این بی ایف سی قواعد کے تحت ایک انوسٹمٹ فنانس کمپنی کی حیثیت سے رجسٹرڈ ہے۔

پاکستان پاورٹی ایلیوی ایشن فنڈ اور ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ (ڈی ایف آئی ڈی ) کی جانب سے کارانداز پاکستان اور جرمن ڈیویلپمنٹ بینک کے ایف ڈبلیو کے ذریعے مشترکہ طور پر قائم کیا گیا ادارہ پاکستان مائیکرو فنانس انوسٹمنٹ کمپنی پاکستان کے مائیکرو فنانس شعبے میں ترقی کو فروغ دینے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ ادارے کا مقصد مالیاتی شمولیت کا فروغ ، ملازمت کے مواقع پیدا کرنا اور ملک میں مائیکروفنانس فراہم کرنے والے اداروں کی ہول سیل فنانسنگ کے ذریعے غریبوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔