کوئٹہ: مارواڑ کی کان میں پھنسے6 کان کن دم توڑگئے

متاثرہ کان میں اب بھی11 کان کن پھنسےہوئے ہیں، کان سے جاں بحق کان کنوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔کمشنرکوئٹہ ڈویژن جاوید انورشاہوانی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 5 مئی 2018 19:08

کوئٹہ: مارواڑ کی کان میں پھنسے6 کان کن دم توڑگئے
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05 مئی 2018ء) : کوئٹہ کے علاقے مارواڑ کی کان میں پھنسے 6 کان کن دم توڑگئے، متاثرہ کان میں اب بھی11 کان کن پھنسے ہوئے ہیں، کان سے جاں بحق کان کنوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے میں کوئلے کی تین کانیں بیٹھ گئیں، جس کے نتیجے میں درجنوں مزدور کانوں میں پھنس گئے۔ مارواڑ کی کان میں پھنسے 6 کان کن دم توڑگئے۔

کمشنر کوئٹہ ڈویژن جاوید انورشاہوانی کا کہنا ہے کہ کان سے جاں بحق 6 کان کنوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ جبکہ متاثرہ کان میں اب بھی 11 کان کن پھنسے ہوئے ہیں۔ باقی کان کنوں کونکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ وزیرداخلہ بلوچستان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے کی ٹیمیں بھی موقع پر موجود ہیں، ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

(جاری ہے)

مارواڑ میں کوئلے کی کان میں میتھین گیس بھر جانے سے دھماکا ہوا۔

مزید برآں واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوع کی جانب روانہ ہوگئیں جبکہ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت 13 کان کنوں کو زندہ نکال لیا جن میں سے دو افراد جاں بحق جبکہ 11 کی حالت غیر ہوگئی ۔ذرائع کے مطابق کئی مزدور کانوں میں پھنس گئے جنہیں نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن کا بھی آغاز کردیا گیا تاہم دور دراز علاقے میں ٹیلی فون اور موبائل نیٹ ورک نہ ہونے کے باعث جائے حادثہ پر موجود حکام سے رابطہ نہ ہوسکا ریسکیو زرائع کے مطابق 23 کان کن تاحال کان کے اندر پھنسے ہوئے ہیں جنہیں بچانے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب مقامی افراد کا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ کان کنوں کی زندگیوں کومحفوظ بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ کوئلے کی کانوں میں دھماکے اور کانیں بیٹھ جانے کے متعدد واقعات رونما ہورہے ہیں۔ کان میں کام کرنے والے مزدوروں کی اجرت اور ان کے بچوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔