فتح جنگ‘ ٹیکنیکل ٹریننگ مکمل کرنے والے مستحق طالبات میں 17لاکھ روپے کے چیک تقسیم

ہفتہ 5 مئی 2018 21:09

فتح جنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2018ء) محکمہ زکوةٰ کی جانب سے ٹیکنیکل ٹریننگ مکمل کرنے والے مستحق طالبات میں 17لاکھ روپے کے چیک تقسیم کر دئیے گئے ۔گزشتہ دو سال میں دو کروڑ روپے سے زائد امدادی رقم تقسیم کی گئی‘ غربت کے خاتمہ اور مستحق طلبہ و طالبات کو اپنے پائوں پر کھڑے کرنے کیلئے حکومت پنجاب تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار سابق ناظم اور ایگزیکٹو ممبر تحصیل کمیٹی فتح جنگ شیخ جہانزیب نے ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ فتح جنگ میں ٹریننگ مکمل کرنے والی طالبات میں 50،پچاس ہزار روپے کے امدادی چیک تقسیم کرنے کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے انچارج ووکیشنل سنٹر محمد عدنان ،اور ایڈمشن انچارج حاشر علی شاہ نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں سوشل ورکرز عبدالجبار ہاشمی ،پروفیسر اشتیاق علی ندیم ،ملک رفاقت اعوان اور طار ق قادری نے بھی شرکت کی ۔

پرنسپل محمد عدنان نے کہا کہ گزشتہ دو سال میں فنی تعلیم مکمل کرنے والے مستحق طلبہ و طالبات کو اپنا کام شروع کرنے کیلئے دو کروڑ روپے کے چیک تقسیم کئے گئے جن میں 90فیصد افراد عملی طور پر روزگار کر رہے ہیں اور اپنے خاندانوں کی کفالت کر رہے ہیں جبکہ موجودہ سیشن میں 34طالبات میں 17لاکھ روپے کی رقم تقسیم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امدادی رقم جن فنی کاموں کیلئے دی جا رہی ہے اس کا استعمال ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد مفت فنی تعلیم فراہم کر کے ہنر مند بننے والے افراد کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنا ہے اور روزگار کے حصول کیلئے معاونت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سیشن کیلئے مختلف شعبہ جات میں داخلہ کیلئے درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں طلبہ و طالبا ت فنی تعلیم مفت حاصل کرنے کیلئے ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کے شعبہ داخلہ سے جلد از جلد رجوع کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سیشن چھ ماہ کی بجائے ایک سال کا ہو گا‘ کامیابی سے ٹریننگ ٹریننگ مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات کو اپنا کام شروع کرنے کیلئے ایک لاکھ روپے فی کس کے حساب سے امدادی رقم بھی دی جائے گی تاکہ فنی تعلیم سے فارغ ہونے کے بعد اپنے خاندانوں کی کفالت کیلئے یہ طلبہ اپنا روزگار کر سکیں ۔